زرد ممولوں،جنگلی خرگوش،کبوتروں وفاختہ کے غیر قانونی شکار وتجارت پر3ملزم گرفتار ، جرمانہ عائد

اتوار 2 اگست 2026 19:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2026ء) سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کی زیر قیادت محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کا صوبہ بھر میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیر قانونی شکار،تجارت اور قبضہ کی روک تھام کیلئے کریک ڈائون بلا امتیاز جاری،وائلڈ لائف رینجرز نے زرد ممولوں کی غیر قانونی تجارت،جنگلی کبوتر کی نیٹنگ اور جنگلی خرگوش وفاختہ کے غیر قانونی شکار پر 3 ملزمان گرفتار کر کے 2 کو 1لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ جبکہ1 کیخلاف ایف آئی آر درج کروا دی اور ضبط شدہ سینکڑوں جنگلی پرندے قدرتی ماحول میں آزاد کر دیئے ۔

ترجمان کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر لاہور ریجن سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر لاہور محمد وسیم نے لاہور شہر سے جنگلی کبوتروں کی غیر قانونی نیٹنگ میں مشغول 1 ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے نیٹنگ گیئر اور جنگلی کبوتر ضبط کر لئے ،ملزم کیخلاف مقامی تھانہ میں ایف آئی آر درج کرواکر کارروائی شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ایک دوسری کارروائی کے دوران زرد ممولوں کی غیر قانونی تجارت میں ملوث 1 ملزم سینکڑوں زرد ممولے چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیاجنہیں ضبط کرکے قدرتی ماحول میں آزاد کر دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ایسی ہی ایک اورکارروائی کے دوران اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر جہلم ارشد ناز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جنگلی خرگوش کے غیر قانونی شکار میں ملوث 1 ملزم گرفتار کر کے اس کا کیس کمپائونڈ کرنے کی درخواست پر85 ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ عائد اور کیس نمٹا دیا۔اسی طرح اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر راجن پور صائمہ محسن نے ایئرگن کیساتھ فاختہ کے غیر قانونی شکار میں مشغول 1 ملزم کو گرفتار کر کے 25 ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ عائد کرکے کیس نمٹا دیا ۔