چین کو برآمدات بڑھانے کیلئے ٹی ڈی اے پی کی کسانوں کو نئے چینی مکئی پروٹوکول پر تربیت

بدھ 5 اگست 2026 12:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2026ء) پاکستان کی زرعی برآمدات خصوصاًچین کو مکئی کی برآمدات بڑھانے کے لئے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے نئے چینی مکئی درآمدی پروٹوکول پر عملدرآمد، تل کی بہتر پیداوار، جدید زرعی طریقوں اور معیار کی پابندی سے متعلق پانچ روزہ سیمیناروں کا سلسلہ کامیابی سے مکمل کر لیا۔یہ سیمینار اوکاڑہ، ساہیوال، خانیوال، وہاڑی اور لیہ میں منعقد ہوئے جن میں کسانوں، برآمد کنندگان، زرعی ماہرین اور سرکاری حکام نے شرکت کی۔

پروگرام کا مقصد پاکستان کی دو اہم زرعی اجناس، مکئی اور تل، کی برآمدی استعداد کو بہتر بنانا تھا۔یہ پروگرام ٹی ڈی اے پی نے محکمہ زراعت پنجاب کے پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز ونگ،ڈائریکٹوریٹ آف پلانٹ پروٹیکشن، میز اینڈ ملیٹ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور نیوکلیئر انسٹی ٹیوٹ فار ایگریکلچر اینڈ بائیولوجی کے تعاون سے منعقد کیا۔

(جاری ہے)

سیمیناروں کا مرکزی موضوع پاکستان اور چین کے درمیان طے پانے والے نئے مکئی برآمدی پروٹوکول پر عملدرآمد تھا جس کے تحت چین نے مکئی کی درآمد کے لیے مزید سخت نباتاتی صحت اور معیار سے متعلق تقاضے متعارف کرائے ہیں تاکہ چینی منڈی کو محفوظ اور پائیدار بنیادوں پر مکئی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ماہرین نے شرکا کو چین کے درآمدی معیارات پر عمل درآمد کے حوالے سے تفصیلی رہنمائی فراہم کی جس میں افلاٹاکسن پر موثرکنٹرول، کھپرا بیٹل کی نگرانی اور تدارک، نیز فصل کی کٹائی سے قبل اور بعد کے فائٹو سینیٹری اقدامات پر خصوصی زور دیا گیا۔

ماہرین نے خام زرعی اجناس برآمد کرنے کے بجائے ویلیو ایڈیشن پر زور دیتے ہوئے کسانوں اور برآمد کنندگان کو پراسیسنگ، گریڈنگ، پیکیجنگ اور برانڈنگ بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ برآمدی آمدنی میں اضافہ کیا جا سکے۔