عمران خان اور اہلیہ قید تنہائی کیس، بیرسٹر سلمان نے تحریری دلائل جمع کرا دیئے

سپرنٹنڈنٹ جیل کی رپورٹ حقائق کے منافی اور گمراہ کن قرار‘ حقائق کا جائزہ لینے کے لئے عدالتی معاون، لوکل کمیشن یا فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کرنے کی استدعا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 11 اگست 2026 14:58

عمران خان اور اہلیہ قید تنہائی کیس، بیرسٹر سلمان نے تحریری دلائل جمع ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 اگست ۔2026 ) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی قید تنہائی کے کیس میں عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے تحریری دلائل جمع کرا دیئے بیرسٹر سلمان صفدر نے سپرنٹنڈنٹ جیل کی رپورٹ حقائق کے منافی اور گمراہ کن قرار دے دی وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے حقائق کا جائزہ لینے کے لئے عدالتی معاون، لوکل کمیشن یا فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن عمران خان اور بشری بی بی سے ملاقات کرے، عدالت کمیشن سے جائزہ رپورٹ طلب کرے اور عدالت عمران خان اور بشری بی بی کو عدالت طلب کرنے کا حکم دے اور ان کی قید تنہائی سے متعلق بیانات قلمبند کئے جائیں.

(جاری ہے)

بیرسٹر سلمان صفدر نے تحریری دلائل میں کہا کہ عدالت ویڈیو لنک کے ذریعے بھی بیان قلمبند کر سکتی ہے، ایک ایسا بورڈ تشکیل دیا جائے جس میں ایکسپرٹ، ریاست اور درخواست گزاروں کا نمائندہ شامل ہو، بورڈ سینٹرل جیل اڈیالہ کا دورہ کرے، بورڈ متعلقہ سہولیات اور ریکارڈ کا معائنہ کرے اور قیدیوں کو تنہائی میں رکھے جانے کے معاملے پر اپنی آزادانہ رپورٹ عدالت میں پیش کرے.

بیرسٹر سلمان صفدر نے استدعا کی کہ وزیراعلی پنجاب کی قیدیوں کو ویڈیو لنک پر بات کرانے کی سہولت عمران خان کو بھی فراہم کریں، سابق وزیراعظم اور بشری بی بی کو کتابیں اور ٹی وی فراہم کیا جائے تحریری دلائل میں کہا گیا کہ عمران خان پی ٹی آئی کے وکلا 300سے زائد مقدمات میں انکی نمائندگی کر رہے ہیں، جیل رولز کے مطابق قانونی ٹیم کو بلا رکاوٹ ملاقات کی اجازت دی جائے، جیل قواعد کے مطابق قیدیوں کی اپنے خاندان کے افراد اور دوستوں سے ہفتہ وار باقاعدہ ملاقاتیں یقینی بنائی جائیں.

عدالت سے استدعا کی گئی کہ سپرنٹنڈنٹ، سینٹرل جیل اڈیالہ کو واضح طور پر ہدایت کی جائے کہ وہ ایسی ملاقاتوں کو بغیر کسی غیر ضروری پابندی یا رکاوٹ کے ممکن بنائیں، سابق وزیراعظمکی میڈیکل رپورٹس اور مکمل ریکارڈ فراہم کیا جائے، طبی ریکارڈ عدالت کو بھی فراہم کیا جائے عمران خان اور بشری بی بی کے تمام کیسز کی تفصیلات بھی تحریری دلائل میں شامل ہیں.

تحریری دلائل میں بتایا گیا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالتی احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے نامکمل رپورٹ دی، ڈیڑھ صفحے پر مشتمل یہ رپورٹ میں ان تمام سنگین خدشات اور مسائل کا احاطہ نہیں کیا گیا،تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور بشری بی بی کی نقل و حرکت بلا روک ٹوک قرار نہیں دے سکتے، دونوں قیدیوں کو اپنے مخصوص احاطے سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہے بیرسٹر سلمان کے تحریری دلائل 19 صفحات پر مشتمل ہیں، جسٹس خادم حسین سومرو نے تحریری دلائل طلب کئے تھے.