لیسکو نے 2 ارب 35 کروڑ اضافی وصولی کیلئے نیپر امیں درخواست جمع کر ادی

کھپت میں تقریباً 4 فیصد کمی ،فروخت میں کمی سے فی یونٹ لاگت بڑھ جاتی ہے ‘ موقف

جمعرات 6 اگست 2026 20:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2026ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین پر اربوں روپے کا اضافی مالی بوجھ ڈالنے کی درخواست نیپرا کو بھجوا دی ، کمپنی نے بجلی کے بلوں کے ذریعے 2 ارب 35 کروڑ روپے اضافی وصول کرنے کی منظوری طلب کی ہے۔نجی ٹی وی نے دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ لیسکو نے اپریل سے جون 2026 کی سہ ماہی کے لیے نیپرا میں درخواست دائر کی ہے جس میں بجلی کی پیداوار اور فروخت کے فرق، کیپسٹی چارجز، ایندھن کی قیمتوں، نیٹ میٹرنگ صارفین کے سسٹم پر اثرات، ٹرانسمیشن چارجز اور دیگر آپریشنل اخراجات کی بنیاد پر ٹیرف میں اضافے کی استدعا کی گئی ہے۔

ریکارڈ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں گھریلو صارفین نے 8 فیصد جبکہ کمرشل صارفین نے 7 فیصد کم بجلی استعمال کی۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر لیسکو کے صارفین کی بجلی کی کھپت میں تقریباً 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔دستاویزات میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بجلی کی فروخت میں کمی کے باعث فی یونٹ لاگت بڑھ جاتی ہے جس کے باعث اضافی مالی بوجھ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی صورت میں سامنے آتا ہے۔لیسکو کی درخواست پر حتمی فیصلہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کرے گی جو سماعت اور جائزے کے بعد یہ طے کرے گی کہ سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی جائے یا نہیں۔