صدرمملکت کی وفاقی وزراء اسحاق ڈار، محسن نقوی، محمد اورنگزیب، احد چیمہ، بلال اظہرکیانی سمیت 355 شخصیات کو سول ایوارڈز دینے کی منظوری

علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی کو بھی تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 14 اگست 2026 23:57

صدرمملکت کی وفاقی وزراء اسحاق ڈار، محسن نقوی، محمد اورنگزیب، احد چیمہ، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست2026ء) صدر مملکت نے وفاقی وزراء اسحاق ڈار، محسن نقوی، محمد اورنگزیب، احد چیمہ، بلال اظہرکیانی سمیت 355 شخصیات کو سول ایوارڈز دینے کی منظوری 
دے دی ۔ علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی کو بھی تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔ سول ایوارڈز دینے کی تقریب آئندہ سال 23 مارچ کو یوم پاکستان پر ہوگی جس میں 355 شخصیات کو مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی پر ایوارڈز دیے جائیں گے۔

گلوکارہ ترنم ناز اوراداکارہ نشو بیگم کو ستارہ امتیاز دیا جائیگا۔ اداکارہ غزالہ کیفی، اداکارہ ثانیہ سعید، ماریہ واسطی اور گلوکار ذوہیب حسن کو تمغہ حسن کارکردی سے نوازا جائیگا۔ گلوکار شیراز اپل کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائیگا۔ شوٹر کشمالہ طلعت کو تمغہ حسن کارکردگی دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

سابق ٹیسٹ کرکٹرصادق محمد کو تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا جائے گا۔

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کو نشان امتیاز سے نوازا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو نشان امتیاز سے نوازا جائیگا۔ وفاقی وزرا احد چیمہ اور محمد اورنگزیب کو بھی نشان امتیاز سے نوازا جائے گا۔ وزیرمملکت بلال اظہرکیانی کو نشان امتیاز سے نوازا جائے گا۔ ڈی جی آئی بی فواد اسداللہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، سیکرٹری فنانس امداد اللہ بوسال اور سیکرٹری کامرس جواد پال کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔

نیوزایجنسی کے مطابق چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی کو بھی تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔ آزاد کشمیر سے شرپسندوں کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے پر زوبیہ خورشید راجہ کو تمغہ شجاعت سے نوازا جائے گا۔ زوبیہ راجہ نے زخمی پولیس اہلکار کو جان پر کھیل کر شر پسندوں کے نرغے سے بچایا تھا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 6 شہدا کو ستارہ شجاعت سے نوازا جائے گا۔

گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کو ستارہ شجاعت سے نوازا جائے گا۔ سی ای او ڈریپ ڈاکٹر عبیداللہ کو ستارہ امتیاز اور ڈی جی ستھرا پنجاب بابر دین کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔ سینئر صحافی صالح ظافر اور حاجی نواز رضا کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔ صحافی عمار مسعود، ماریہ ذوالفقار، عادل شاہزیب اور حماد حسن کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائیگا۔

قائداعظم کیمعالجین ڈاکٹرجل رتن جی پٹیل اور ڈاکٹر جل ڈائبو کو بعدازمرگ نشان قائداعظم سے نوازا جائیگا۔ سعودی شہزادہ سعود بن نائف کو ہلال پاکستان سے نوازا جائیگا۔ ترک وزیرخارجہ حاقان فیدان کو ستارہ پاکستان سینوازا جائے گا۔ ترک وزیردفاع یاسر گلار کو ستارہ پاکستان سے نوازا جائے گا۔ ترک وزیرتجارت عمر بولاٹ کو ستارہ پاکستان سے نوازا جائیگا۔ڈاکٹر خالد عباس الاسدی کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔ ڈاکٹرپال جیکب بھٹی کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔