کولمبیا زلزلہ: یو این کی امدادی کارروائیوں میں مدد کی پیشکش

یو این منگل 11 اگست 2026 06:15

کولمبیا زلزلہ: یو این کی امدادی کارروائیوں میں مدد کی پیشکش

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 11 اگست 2026ء) اقوام متحدہ نے کولمبیا میں زلزلے کے بعد تلاش و بچاؤ کی کارروائیوں اور امدادی اقدامات میں تعاون کی پیشکش کی ہے جہاں اطلاعات کے مطابق، 7.4 شدت کے زلزلے میں کم از کم 111 افراد ہلاک اور 87 زخمی ہو گئے ہیں۔

ادارے کے نائب ترجمان فرحان حق نے زلزلے سے ہونے والے انسانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے ضرورت پڑنے پر ملک کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

کولمبیا میں اقوام متحدہ کی ٹیمیں ملکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

مقامی وقت کے مطابق یہ زلزلہ صبح تقریباً 7 بج کر 34 منٹ پر آیا جس کا مرکز صوبہ چوکو کے علاقے سان ہوزے ڈیل پالمر کے قریب تھا۔ زلزلے کے جھٹکے کولمبیا کے علاوہ ہمسایہ ممالک پانامہ، ایکواڈور اور وینزویلا میں بھی محسوس کیے گئے۔

(جاری ہے)

حکام کی جانب سے متاثرین کی تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق کئی قصبوں میں مکانات اور دیگر عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں اور بہت سے لوگ ملبے تلے دبے ہیں۔ زلزلے میں 18 مراکز صحت اور 52 تعلیمی اداروں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ بعض دیہی علاقوں میں مواصلاتی رابطے محدود ہونے کے باعث تباہی کا مکمل اندازہ لگانے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔

لینڈ سلائیڈنگ، تباہی اور انخلا

تقریباً پانچ لاکھ آبادی والے شہر پریرا کا زلزلے کے مرکزی مقام سے فاصلہ لگ بھگ 35 میل ہے۔

امدادی ٹیمیں ملبے سے لوگوں کی تلاش میں مصروف ہیں جبکہ شہر کے میئر نے 18 افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔ ملک کے تیسرے بڑے شہر کالی میں متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاع ہے۔

زلزلے سے نقل و حمل کا بنیادی ڈھانچہ بھی متاثر ہوا ہے۔ مغربی کولمبیا کے کئی ہوائی اڈوں پر عمارتوں اور تنصیبات کا معائنہ کرنے کے لیے فضائی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔

زلزلے کے مرکز سے 250 میل کے فاصلے پر واقع دارالحکومت بوگوٹا میں بھی لوگوں کو انخلا کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ حکومت نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنے امدادی نظام کو فعال کر دیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں نقصانات اور ضروریات کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے۔

اقوام متحدہ کے اداروں کا تعاون

اقوام متحدہ کے اداروں نے متاثرہ لوگوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حکومت کی درخواست پر امدادی کارروائیوں میں تعاون کے لیے تیار ہیں۔

عالمی پروگرام برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی) کا کہنا ہے کہ اس کے پاس حکومتی اداروں کی معاونت کے لیے امداد فراہم کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ پان امریکن ہیلتھ آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ وہ ملکی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ عالمی ادارہ مہاجرت بھی صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور امدادی کارروائیوں میں تعاون کے لیے تیار ہے جس میں بے گھر افراد کی مدد بھی شامل ہے۔

اقوام متحدہ کے فنڈ برائے آبادی (یو این ایف پی اے) نے خبردار کیا ہے کہ اس نوعیت کی ہنگامی صورت حال میں لڑکیوں، خواتین اور نوعمر افراد کو صنفی بنیاد پر تشدد کے بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے اور انہیں صحت کی خدمات تک رسائی میں بھی مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ ادارے نے متاثرہ لوگوں کو یقین دلایا ہے کہ وہ ضروری خدمات تک رسائی برقرار رکھے میں ہرممکن تعاون کرے گا۔ پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کا ادارہ (یو این ایچ سی آر) زلزلے کے اثرات کا جائزہ لے رہا ہے اور امدادی کارروائیوں میں معاونت کے لیے تیار ہے۔