بھارتی یوم آزادی سے قبل مقبوضہ کشمیرمیں بڑ ے پیمانے پر کریک ڈائون ،کشمیریوں کا شہدا کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

منگل 11 اگست 2026 19:51

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2026ء) بھارتی فوج، پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں نے 15اگست کو بھارت کے یوم آزادی سے قبل نام نہاد سیکورٹی کو یقینی بنانے کے نام پر غیر قانونی طور پربھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر کریک ڈائون شروع کردیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں گھر گھر چھاپے اور محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں اورلوگوں کو ہراساں کر رہی ہیں ۔

فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے سینکڑوں نوجوانوں کو گرفتار کر کے پوچھ گچھ کی اور سینکڑوں کوپولیس سٹیشنوں اور فوجی کیمپوں میں طلب کیاگیاہے۔ مقبوضہ علاقے کی اہم سڑکوں پرفوجی چوکیاں قائم کی گئی ہیں جہاں گاڑیوں اور مسافروں کی تلاشی لی جارہی ہے۔لوگوں کاکہنا ہے کہ بھارتی فورسز نے بار بار گھروں پر چھاپوں،لوگوں کو ہراساں اور املاک کی توڑ پھوڑ کر کے مقبوضہ علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کا یوم آزادی ہر سال کشمیریوں کے لیے اضافی مشکلات اور پابندیوں کا باعث بنتا ہے۔ادھر بھارتی فورسز نے ڈوڈہ اور پونچھ اضلاع میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کی ہیں۔فوجی آپریشن کے دوران فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے ممتاز حریت رہنما شیخ عبدالعزیز کو آج ان کے 18ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیاہے۔

حریت رہنمائوں نے اپنے بیانات میں کہا کہ شیخ عبدالعزیز نے شہادت کوترجیح دی لیکن بھارت کے جابرانہ حکمرانی کے سامنے کبھی سر نہیں جھکایا۔ حریت کارکنوں نے مزار شہدا سرینگر پر حاضری دی اور شیخ عبدالعزیز اور دیگر شہدا کی بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔بھارتی فوجیوں نے 2008میں آج کے دن شیخ عزیز کو اس وقت شہید کیا تھاجب وہ جموں کے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے وادی کشمیرکی معاشی ناکہ بندی کے خلاف سرینگر سے کنٹرول لائن کی جانب ایک بڑے مارچ کی قیادت کر رہے تھے۔

کشمیر ہائوس اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار میں غلام محمد صفی، ڈاکٹر محمد مشتاق، عظمی حمید گل، محمد فاروق رحمانی اور محمود احمد ساغر سمیت مقررین نے کہا ہے کہ کشمیری عوام شیخ عبدالعزیز اور دیگر شہدا کی قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور کشمیریوں کی بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

مظفرآباد میں بھی شیخ عبدالعزیز کو جدوجہد آزادی کشمیر کے لیے ان کی قربانیوں پرخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک تقریب منعقد کی گئی ۔جموں میں ڈیلی ویجرز نے اپنے دیرینہ مطالبات کے حق میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگا ئے ۔جموں و کشمیر الیکٹریکل انجینئرنگ گریجویٹس ایسوسی ایشن نے ملازمین کی معطلی اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف 13اگست سے ہڑتال کی دھمکی دی ہے۔