پردیس میں مقیم پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، پہلی بار پاکستانی کوٹے پر حج کی اجازت مل گئی

یہ سہولت ایسے افراد کیلئے متعارف کرائی گئی ہے جو پاکستانی نژاد ہیں، ماضی میں پاکستان کے شہری رہے، تاہم بعد ازاں انہوں نے پاکستانی شہریت اور پاسپورٹ ترک کردیا تھا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 13 اگست 2026 14:05

پردیس میں مقیم پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، پہلی بار پاکستانی کوٹے پر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست 2026ء) سعودی عرب نے 2027ء کے حج کے لیے پاکستانی نژاد پاکستان اوریجن کارڈ (POC) رکھنے والے افراد کو پاکستان کے مختص حج کوٹے میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد پی او سی ہولڈرز پہلی مرتبہ پاکستان کے حج کوٹے کے تحت فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے انتظام کے تحت پاکستان کے مجموعی حج کوٹے کا ایک فیصد پی او سی ہولڈرز کے لیے مختص کیا جائے گا، اس حساب سے 2027ء میں پاکستان کے کوٹے کے تحت 1 ہزار 792 پاکستانی نژاد پی او سی ہولڈرز حج کی سعادت حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ پی او سی رکھنے والے افراد سرکاری اور نجی دونوں حج اسکیموں کے ذریعے حج کے لیے درخواست دے سکیں گے، یہ سہولت ان غیر ملکی شہریوں کے لیے متعارف کرائی گئی ہے جو پاکستانی نژاد ہیں اور ماضی میں پاکستان کے شہری رہے ہیں، تاہم بعد ازاں انہوں نے پاکستانی شہریت اور پاسپورٹ ترک کردیا تھا۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ پی او سی ہولڈرز کی حج میں شرکت اس شرط سے مشروط ہوگی کہ سعودی عرب کی جانب سے ویزہ جاری کرنے میں کوئی قانونی یا انتظامی رکاوٹ موجود نہ ہو، وزارت مذہبی امور پی او سی ہولڈرز کے لیے تفصیلی شرائط و ضوابط اپنی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کرے گی، درخواستوں کے طریقہ کار میں سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے مقرر کردہ تقاضوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔

وزارت مذہبی امور نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پی او سی ہولڈرز کو اس نئی سہولت اور اس سے متعلق شرائط و ضوابط کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے تاکہ خواہش مند افراد مقررہ طریقہ کار کے مطابق حج کے لیے درخواست دے سکیں، پاکستان اوریجن کارڈ ایسے غیر ملکی شہریوں کو جاری کیا جاتا ہے جو پاکستانی نژاد ہوں، ماضی میں پاکستان کے شہری رہے ہوں اور متعلقہ قوانین کے تحت پی او سی حاصل کرنے کے اہل ہوں، نئی پالیسی کے تحت ایسے افراد کو پاکستان کے حج کوٹے سے فریضہ حج کی ادائیگی کا موقع ملے گا۔