پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہے، سرفراز فرانسس وکی کا پرچم کشائی تقریب سے خطاب

جمعہ 14 اگست 2026 17:05

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) یومِ آزادی کے موقع پر رومن کیتھولک کرسچن کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں پروقار تقریب منعقد ہوئی ،جس میں قومی پرچم کشائی کے علاوہ سوسائٹی میں مکمل کیے گئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا گیا۔سوسائٹی کے صدر سرفراز فرانسس وکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تعاون اور مفاہمت خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی اور تزویراتی کوششوں کا کریڈٹ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو جاتا ہے، جن کی قیادت میں پاکستان کا علاقائی امن اور عالمی سفارت کاری میں کردار مزید مضبوط ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مزید تعاون سے مسلم دنیا اور اس سے باہر امن، استحکام، باہمی احترام اور خوشحالی کو فروغ ملے گا۔

سرفراز فرانسس وکی نے کہا کہ مینجنگ کمیٹی گزشتہ سات سے آٹھ ماہ کے دوران سوسائٹی کے بنیادی مسائل کے حل اور ممبران کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ پانی، بجلی، گلیوں، سیوریج اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔تقریب کا آغاز خصوصی دعا سے ہوا، جس کے بعد قومی پرچم کشائی کی گئی۔

شرکاء نے قومی ترانہ اور ملی نغمے پیش کیے اور پاکستان سے محبت، قومی یکجہتی اور ملکی ترقی کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب کے دوران واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا گیا، جو سوسائٹی کے مکینوں کو صاف پینے کا پانی فراہم کرنے کی جانب اہم اقدام ہے۔ تقریب میں سابق وفاقی وزیر و سینیٹر کامران مائیکل، ایم پی اے و چیئرمین چیف منسٹر پنجاب انسپکشن ٹیم راجہ محمد حنیف، جوائنٹ رجسٹرار راولپنڈی پنجاب کوآپریٹو سوسائٹیز حافظ مینب الرحمان، کرنل شیخ طاہر، بریگیڈیئر نعیم اکبر، ایس پی سواں خرم اشرف چوہدری، سنوکر چیمپئن و گولڈ میڈلسٹ بابر مسیح سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری یوسف مسیح کھوکھر نے سوسائٹی کے مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ کے لائحہ عمل سے شرکاء کو آگاہ کیا۔تقریب سے جوائنٹ رجسٹرار حافظ منیب الرحمان، ایم پی اے راجہ محمد حنیف اور مہمان خصوصی سینیٹر کامران مائیکل نے بھی خطاب کیا اور سوسائٹی میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے انتظامیہ اور مینجنگ کمیٹی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر سوسائٹی کی ترقی اور خدمات میں تعاون کرنے والی شخصیات، مینجنگ کمیٹی کے ارکان اور سٹاف میں اعزازی شیلڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ سینیٹر کامران مائیکل، راجہ محمد حنیف، حافظ منیب الرحمان، کرنل شیخ طاہر، ایس پی سواں خرم اشرف چوہدری، سنوکر چیمپئن بابر مسیح اور سابق جنرل سیکرٹری فرانسس نذیر سمیت دیگر شخصیات کو بھی اعزازات پیش کیے گئے۔

جشن آزادی کے سلسلے میں ثناء پرویز اور دیگر فنکاروں نے ملی نغمے پیش کیے جبکہ کیک کٹنگ کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔تقریب کے اختتام پر بابو ساجد امین کھوکھر نے پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور قومی اتحاد کے لیے خصوصی دعا کرائی۔ بعد ازاں معزز مہمانوں، سوسائٹی ممبران اور شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کی ترقی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتے رہیں گے۔