خاتون مبینہ اغوا کیس میں چار ملزمان گرفتار، مغویہ بحفاظت بازیاب

منگل 18 اگست 2026 20:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2026ء) کوئٹہ کی کچھی بیگ پولیس نے خاتون کے مبینہ اغوا کے مقدمے میں کارروائی کرتے ہوئے نامزد چاروں ملزمان کو گرفتار کرکے مغویہ کو بحفاظت بازیاب کر کے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور گاڑی بھی برآمد کرلی گئی۔ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ ضیا الحق مندوخیل کے مطابق مسما اسما دختر امان اللہ، سکنہ قمبرانی روڈ کوئٹہ، نے پریس کانفرنس کے دوران الزام عائد کیا تھا کہ اس کی اپنے کزن خدا بخش کے ساتھ سابقہ منگنی 2022 میں ختم ہوگئی تھی۔

خاتون کے مطابق 13 اگست 2026 کو خدا بخش نے محمد رفیق ولد محمد یوسف، جاوید ولد عبدالصمد اور سراج ولد احمد حسین کے ہمراہ اسے گھر سے مبینہ طور پر اغوا کیا، تشدد کا نشانہ بنایا اور 65 ہزار روپے نقدی بھی لے گئے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ نمبر 161/2026بجرم دفعہ 365-B تعزیرات پاکستان کے تحت 14 اگست کو تھانہ کچھی بیگ میں متاثرہ لڑکی کی والدہ مسما شازیہ کی مدعیت میں درج کیا گیا، جبکہ تفتیش کی ذمہ داری سب انسپکٹر محبوب علی کو سونپی گئی۔

ترجمان ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق تفتیش کے دوران پولیس نے نامزد چاروں ملزمان خدا بخش، محمد رفیق، جاوید اور سراج کو گرفتار کرلیا اور خاتون کو بحفاظت بازیاب کرایا۔ پولیس نے مبینہ واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور گاڑی بھی برآمد کرلی ہے۔پولیس کے مطابق 17 اگست کو بازیاب خاتون کا بیان دفعہ 164 ضابطہ فوجداری کے تحت مجسٹریٹ کے سامنے قلمبند کرایا گیا، جبکہ خاتون کا طبی معائنہ سول ہسپتال کوئٹہ میں کرایا گیا ہے، جس کی میڈیکل رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی۔پولیس نے کہاکہ گرفتار چاروں ملزمان اس وقت پولیس ریمانڈ پر ہیں جبکہ واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔