Live Updates

مکہ دفاعی معاہدہ امت مسلمہ کے اتحاد کی جانب پہلا قدم ہے، حافظ احمد علی

شاہ فیصل، ذوالفقار علی بھٹو، قذافی اور صدام حسین جیسے قائدین نے عظیم مقصد کے لیے قربانیاں دیں، رہنما جمعیت علماء اسلام رابطہ

جمعہ 21 اگست 2026 22:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2026ء) جمعیت علمائے اسلام (رابطہ) کے مرکزی نائب امیر حافظ احمد علی نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی معاہدہ امت مسلمہ کے اتحاد کی جانب پہلا قدم ہے، بہت جلد تمام اسلامی ممالک ایک جھنڈے تلے جمع ہوجائیں گے اور اسلام کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدے کی منزل تک پہنچنے کے لیے شاہ فیصل، ذوالفقار علی بھٹو، کرنل معمر قذافی اور صدام حسین جیسے عظیم قائدین کو جانوں کے نذرانے پیش کرنا پڑے۔

یہ معاہدہ ایک ارب مسلمانوں کے دلوں کی آواز ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سے اختلاف کے باوجود اس عظیم کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف، جنرل عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی انتھک اور پرخلوص کوششوں کو سراہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترکیہ کے صدر طیب اردوان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے جو کردار ادا کیا ہے، وہ امت مسلمہ کے شاندار مستقبل کی نوید سنا رہا ہے۔

حافظ احمد علی نے کہا کہ مسلم قائدین کو اس عظیم معاہدے کو ناکام بنانے کی اسلام دشمنوں کی سازشوں پر نظر رکھنا ہوگی، کیونکہ کفریہ طاقتیں کسی بھی صورت امت مسلمہ کا اتحاد گوارا نہیں کریں گی۔ ان حالات میں اسلامی بلاک کے قیام کے دیرینہ خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے ہوش مندی سے کام لینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملکی حالات بھی تقاضا کرتے ہیں کہ حکمران اندرونی اختلافات اور سیاسی مخالفین کے خلاف اپنی طاقت ضائع کرنے کے بجائے اپنی تمام تر توجہ عظیم مقصد پر مرکوز رکھیں۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر خارجہ اسحاق ڈار، ترکیہ کے صدر طیب اردوان، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، امیر قطر، امیر بحرین اور دیگر اسلامی ممالک کے سربراہان کو مکہ دفاعی معاہدے پر مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ مسلم قائدین امت مسلمہ کے خلاف سازشیں ناکام بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
Live سعودی عرب سے متعلق تازہ ترین معلومات