پاکستان اور جمہوریہ کانگو کے درمیان دفاعی و سکیورٹی تعاون بڑھانے کیلئے ایم او یو پر دستخط

جمہوریہ کانگو کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس کی اعلیٰ سطح دفاعی وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو آمد، ہم عصر عاصم منیر سے ملاقات

جمعہ 21 اگست 2026 22:20

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2026ء) جمہوریہ کانگو کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل بانزا مویلمبو جولز کی سربراہی میں اعلیٰ سطح دفاعی وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی و سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر کانگو کے چیف آف ڈیفنس کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جس کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور کانگو کے چیف آف ڈیفنس کے درمیان ہوئی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی و سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

دیرینہ دوستانہ تعلقات پر دونوں جانب سے اطمینان کا اظہار کیا گیا، پاکستان اور جمہوریہ کانگو کے دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو وسعت اور مزید مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔

کانگو کے چیف آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل بانزا مویلمبو جولز نے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور سربراہ فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقاتیں کیں، جس کے دوران کانگو کے چیف آف ڈیفنس نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل استعداد اور غیر متزلزل عزم کو سراہا، بالخصوص پاکستان کی مقامی پیداوار اور خود انحصاری کے ذریعے حاصل ہونے والی نمایاں پیش رفت کی تعریف کی۔