ہم توقع کریں گے اسی بینچ کے پاس توہین عدالت کی پٹیشن لگے جنہوں نے فیصلہ دیا، سلمان اکرم راجہ

توہین عدالت کی درخواست کل فائل کرتے تو کل ہی لگ جاتی یہ کہنا غلط ہے، کل فائل ہوتی تو بھی پیر، منگل یا بدھ کو سماعت ہوتی، ایک گھنٹے میں بینچ بیٹھ کر سماعت شروع نہیں کرتا؛ پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 22 اگست 2026 11:22

ہم توقع کریں گے اسی بینچ کے پاس توہین عدالت کی پٹیشن لگے جنہوں نے فیصلہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اگست 2026ء) سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود سابق وزیراعظم عمران خان کو علاج کے لیے شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل نہ کرنے پر پاکستان تحریکِ انصاف کی قانونی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ ڈاکٹر عظمیٰ خان کی جانب سے اعلیٰ ترین عدالت میں باقاعدہ توہینِ عدالت کی درخواست دائر کردی۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی خدشات اور ہسپتال کے باہر عوامی ہجوم کے جو بہانے بنائے گئے، وہ بالکل بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں، اڈیالہ جیل سے ڈاکٹر فیصل سلطان کی موجودگی میں ایک قافلہ شفاء ہسپتال پہنچا جس کے راستے میں نہ تو کوئی رکاوٹ تھی اور نہ ہی امن و امان کا کوئی مسئلہ پیش آیا لیکن اس کے باوجود عمران خان کو وہاں منتقل نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن میں تمام حقائق اور حکومت کے بے بنیاد ردِعمل کو تفصیلا درج کر دیا گیا ہے، ہمیں توقع ہے کہ اس توہینِ عدالت کی درخواست کی سماعت وہی بینچ کرے گا جس نے عمران خان کی ہسپتال منتقلی کا اصل فیصلہ دیا تھا، معمول کے مطابق پٹیشن اگلے ہفتے کے ابتدائی ایام میں ہی سماعت کے لیے مقرر ہوتی ہے اور ایک گھنٹے کے اندر بینچ کا تشکیل پانا صرف عدالت کے خاص اختیار پر منحصر ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پورے ملک کی امیدوں کا محور سپریم کورٹ ہے اور امید ہے کہ اعلیٰ عدلیہ قوم کی خواہشات کے مطابق فیصلہ کرے گی، سپریم کورٹ کے صریح حکم کے باوجود عمران خان کو منتقل نہ کرنا عدالتِ عظمیٰ، عوام اور عمران خان کے خلاف ایک گہری سازش ہے، اگرچہ قانونی معرکہ عدالتوں میں لڑا جا رہا ہے، لیکن تحریکِ انصاف کی اصل لڑائی سڑکوں پر ہے، 27 تاریخ کے بڑے احتجاج سے پہلے ہی جماعت ہر گلی اور چوک میں عوام کو بیدار کرے گی۔