آئی جی خیبرپختونخوا کا بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پولیس اہلکاروں کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا

جمعہ 28 اگست 2026 15:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2026ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے جمعہ کو سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں پشاور،مردان ،چارسدہ، کرک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع کے پولیس افسران وجوانان کو دہشت گردوں ،ٹارگٹ کلرز، قتل و اقدام قتل،راہزنوں اور ڈکیتوں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔

سنٹرل پولیس آفس پشاور تر جمان کے مطابق کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے اشتہاری و خطرناک ملزمان کے گینگ کے خلاف خفیہ اطلاع پر کامیاب آپریشن کیا۔ ملزمان کی فائرنگ پر پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے پیشہ ورانہ بہادری کا مظاہرہ کیاتھا۔مردان پولیس افسران واہلکاران نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کو مطلوب ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی تھی اسی طرح چارسدہ پولیس کے افسران واہلکاروں نے خطرناک ملزم و ڈکیت جوکہ اسلام آباد کے معروف تاجر و ٹیوٹا شوروم کے مالک عامر اعوان کے قتل میں مطلوب تھا،کی گرفتاری کے دوران اہلکاروں نے انتہائی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور بغیر کسی جانی نقصان کے کامیاب کارروائی مکمل کی۔

(جاری ہے)

کرک اور کوہاٹ پولیس کے مشترکہ IBO کے دوران ضلع کرک میں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد گروپ کے 4 اہم ارکان ہلاک کئے گئے تھے۔ہلاک دہشت گرد متعدد سنگین جرائم اور دہشت گردی کی کارروائیوں کے علاوہ شہید SHO عمر نواز پر ہونے والے حملے میں بھی ملاث تھے۔ پولیس ٹیم نے کامیاب کارروائی میں مثالی بہادری، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا بھر پور مظاہرہ کیا تھا۔

ڈی آئی خان پولیس نے ڈکیتی کے 3 ملزمان گرفتارکرکے، چھینی گئی 19 لاکھ 39 ہزار روپے کی مکمل رقم برآمدکرکے نہایت بہادری اور فرض شناسی دکھاتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔اس موقع پر آئی جی پی ذوالفقار حمید نے انعام یافتہ پولیس اہلکاران کی جرات و بہادری، ڈیوٹی سے لگن اور پیشہ ورانہ جذبے کی تعریف کی۔اور کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو صوبے میں امن و امان کے حوالے سے چینلجز درپیش ہیں تاہم پولیس ڈٹ کر اس کا جرات و بہادری سے مقابلہ کررہی ہے اور آئے روز دہشت گردوں کے خلاف کامیابیاں و کامرانیاں حاصل کر رہے ہیں۔

آئی جی پی نے انعام یافتہ گان پولیس کی کامیاب و نتیجہ خیز کارروائیوں کو اپنی مثال آپ قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی لگن ، دلیری اور ایمانداری سے عوام کی حفاظت اور ملک وقوم کی خدمت کرتے رہیں گے۔ایڈیشنل آئی جیز ہیڈ کوارٹرز عباس احسن ،انوسٹی گیشن عالم شنواری ،ڈی آئی ہیڈ کوارٹرز عباس مجید مروت ،پرنسپل سٹاف آفیسر برائے آئی جی پی احمد شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔