سوات، دارالقضا میں ڈیوٹی تبدیلی کے دوران گولی چلنے سے پولیس سپاہی جاں بحق

جمعرات 3 ستمبر 2026 20:45

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2026ء) پشاور ہائیکورٹ مینگورہ بنچ (دارالقضا)سوات میں معمول کے مطابق ڈیوٹی تبدیلی کے دوران ہیڈ کانسٹیبل جمشید خان سے اچانک گولی چل گئی جس کے نتیجے میں ساتھی پولیس کانسٹیبل سلیم خان شدید زخمی ہوگئے جو بعدازاں اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق سلیم خان کی ڈیوٹی مکمل ہونے کے بعد وہ اپنی سرکاری بندوق اپنے ساتھی پولیس ہیڈکانسٹیبل جمشید خان کے حوالے کر رہے تھے کہ اسی دوران معمول کی حفاظتی مشق کے دوران اچانک گولی چل گئی، جو سلیم خان کو لگی اور وہ شدید زخمی ہوگئے۔

واقعے کے فوری بعد انہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ جان کی بازی ہار گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردیں جبکہ فائرنگ کے واقعے کی اصل وجوہات اور ذمہ داری کا تعین کیا جا رہا ہے۔