Live Updates

پاکستان اور ترکیہ کا مسئلہ فلسطین پرمشترکہ موقف برقرار رکھنے پر اتفاق

جمعرات 10 ستمبر 2026 16:26

پاکستان اور ترکیہ کا مسئلہ فلسطین پرمشترکہ موقف برقرار رکھنے پر اتفاق
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2026ء) پاکستان اور ترکیہ نے فلسطین پر مشترکہ مقف برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے ۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے گزشتہ شب ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں دونوں وزرا نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں وزرا نے مسئلہ فلسطین پر اپنے مشترکہ موقف کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنمائوں نے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمدات پر پابندی اور ان بستیوں سے منسلک خدمات کو محدود کرنے کے برطانیہ کے فیصلے پر 8 عرب و اسلامی ممالک کے مشترکہ بیان کی حمایت کا اظہار کیا۔دونوں وزرا نے برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کی جانب سے دو ریاستی حل سے متعلق مشترکہ اعلامیے کی بھی توثیق کی۔

دونوں رہنمائوں نے علاقائی معاملات پر قریبی مشاورت برقرار رکھنے پر زور دیا۔دونوں رہنمائوں نے سعودی عرب اور مصر کے ساتھ ریجنل فور (R4) فریم ورک کے ذریعے تعاون سمیت علاقائی معاملات پر مشاورت جاری رکھنے پر زور دیا۔اسحاق ڈار اور ہاکان فیدان نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (UNGA) کے آئندہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔
Live سعودی عرب سے متعلق تازہ ترین معلومات