سہیل آفریدی کا اسٹریٹ موومنٹ کیلئے پنجاب کا رخ کرنے کا اعلان

اسٹریٹ موومنٹ میرا حق ہے، تم جو مرضی کرلو، میں ان سے نہیں ڈرتا، جب چاہوں جہاں چاہوں پنجاب میں آؤں گا؛ پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت سے خطاب، عوامی مہم کے انتظامات کی ہدایت کردی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 ستمبر 2026 14:57

سہیل آفریدی کا اسٹریٹ موومنٹ کیلئے پنجاب کا رخ کرنے کا اعلان
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 ستمبر 2026ء) خیبر پختونخواہ کے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی نے پنجاب میں جلد سٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تنظیمی رہنماؤں کو فوری فیصلہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایک گھنٹے کا وقت ہے، پنجاب کے چاروں ریجنز کے نمائندے مل کر فیصلہ کرلیں کہ مجھے پنجاب میں کہاں آنا ہے، اسٹریٹ موومنٹ ہمارا آئینی و جمہوری حق ہے اور فیصلہ آپ کو کرنا ہے، میں ان بے غیرتوں سے بالکل نہیں ڈرتا، میں پنجاب لازمی آؤں گا۔

حکومتی رکاوٹوں اور گرفتاری کے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ تم جو مرضی کر لو، میں جب چاہوں اور جہاں چاہوں پنجاب میں داخل ہوں گا اور سٹریٹ موومنٹ کی خود قیادت کروں گا، پنجاب کی عوام آپ کی منتظر ہے، بس آپ نے ہمت دکھانی ہے، آپ محض 300 افراد نہیں بلکہ 13 کروڑ عوام کی نمائندہ قوت ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں جذباتی اور انقلابی رنگ بھرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ کے پی نے پارٹی کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی جیل اور جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہم میں سے کوئی بھی ڈاکٹر یاسمین راشد سے زیادہ قیمتی نہیں ہے، وہ ہماری سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، اگر وہ اتنی عمر اور بیماری کے باوجود جیل کاٹ سکتی ہیں تو ہم بھی جیل جانے کے لیے تیار ہیں، جیل جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، سٹریٹ موومنٹ ہی ہمارا واحد راستہ ہے۔