سیالکوٹ،کرپشن کے الزامات پر پیرا فورس کے دو سارجنٹ معطل کر دئیے گئے

جمعرات 24 ستمبر 2026 17:44

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2026ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق کی زیر نگرانی سرکاری محکموں میں خود احتسابی کا عمل جاری ہے جس کے تحٹ کرپشن کے الزامات پر پیرا فورس کے دو سارجنٹس کو معطل کر دیا گیا ہے۔معطل ہونے والے اہلکاروں میں زین عارف چیمہ اور محمد اسد شامل ہیں جو سمبڑیال میں تعینات تھے۔ ایس ڈی ای او پیرا فورس سیالکوٹ ناصر ججہ نے دونوں اہلکاروں کی معطلی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق بدعنوانی اور فرائض میں غفلت کے مرتکب افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں شفافیت، میرٹ اور خود احتسابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس سے قبل کرپشن اور نااہلی کے الزامات پر پرائس مجسٹریٹس، نائب تحصیلدار، پیرا انفورسمنٹ آفیسر، دو انفورسمنٹ انسپکٹرز سمیت 11 دیگر اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جا چکی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ معطل سرکاری ملازمین کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت بھی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔