Live Updates

پاکستان، سعودی عرب کی دوستی نسل در نسل مضبوط ہو رہی ہے، گورنرسندھ

جمعرات 24 ستمبر 2026 17:37

پاکستان، سعودی عرب کی دوستی نسل در نسل مضبوط ہو رہی ہے، گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2026ء) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کے موقع پر سعودی فرمانروا خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات محض دو ممالک کے درمیان سفارتی روابط نہیں بلکہ دونوں عوام کے درمیان گہرے تاریخی اور برادرانہ رشتے کی عکاسی کرتے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات مشترکہ اقدار، ثقافت، تجارت، باہمی اعتماد اور اخوت کے جذبے سے مضبوط ہوئے ہیں۔ دفاعی تعاون دونوں ممالک کے تعلقات کا اہم ستون ہے، جس کے تحت کئی دہائیوں سے فوجی تربیت، پیشہ ورانہ تبادلوں اور باہمی سیکیورٹی تعاون کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے، جبکہ سعودی عرب نے بھی مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ تعاون اور دوستی کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔

ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون باہمی اعتماد کی مضبوط روایت کا مظہر ہے۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا ہورہے ہیں، توانائی، صنعت، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت اور غذائی تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جاسکتا ہے، جس سے روزگار، کاروبار، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات کی اصل طاقت دونوں ممالک کے عوام ہیں، لاکھوں پاکستانی سعودی عرب کی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں، جبکہ پاکستانی عوام کے دلوں میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کیلئے گہری عقیدت اس رشتے کو مزید منفرد بناتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ اپنی طویل ساحلی پٹی، اہم بندرگاہوں، زرعی و صنعتی وسائل اور بحیرہ عرب سے جڑے اسٹریٹجک محل وقوع کے باعث پاک سعودی تعاون کیلئے وسیع امکانات رکھتا ہے۔

کراچی طویل عرصے سے خلیجی اور عرب دنیا کے ساتھ تجارت اور روابط کا اہم مرکز رہا ہے۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان اپنی انسانی صلاحیت، محنت اور ہنرمندی جبکہ سعودی عرب اپنی معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور جدت کے مواقع کے باعث ایک دوسرے کیلئے اہم شراکت دار ہیں۔ دونوں ممالک باہمی تعاون کو نئی نسلوں کیلئے خوشحالی اور ترقی کے مواقع میں تبدیل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں پاکستان اور سعودی عرب کی مضبوط شراکت داری خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کی مزید ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ دونوں ممالک کی تاریخی دوستی آنے والی نسلوں میں مزید مضبوط ہو۔اس موقع پر گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے سعودی قونصل جنرل اور خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے قونصل جنرلز کے ہمراہ سعودی قومی دن کا کیک بھی کاٹا۔

تقریب میں وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، صوبائی وزرا سعید غنی اور ذوالفقار شاہ، آئی جی سندھ پولیس، ترکیہ، امریکا، قطر، اٹلی، متحدہ عرب امارات، برطانیہ، تھائی لینڈ، افغانستان اور جرمنی سمیت مختلف ممالک کے قونصل جنرلز و سفارتی نمائندگان، کاروباری شخصیات، عمائدین شہر اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
Live سعودی عرب سے متعلق تازہ ترین معلومات