Live Updates

وفاقی وزیر پٹرولیم کی زیر صدارت اجلاس ، وزیراعظم فیول ریلیف سکیم پر عملدرآمد ، مصنوعات کی بلاتعطل دستیابی بارے انتظامات کا جائزہ لیا گیا

جمعرات 24 ستمبر 2026 17:42

وفاقی وزیر   پٹرولیم  کی زیر صدارت اجلاس ،  وزیراعظم فیول ریلیف سکیم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2026ء) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی ،وزیراعظم فیول ریلیف سکیم پر عملدرآمد ، ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل دستیابی یقینی بنانے کے لئے سپلائی چین، ٹرانسپورٹیشن اور لاجسٹکس انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق اجلاس میں پاکستان ریلویز، اوگرا، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی)، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن، آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے وزیراعظم فیول ریلیف سکیم کے لئے پٹرولیم ڈیلرز کی ایسوسی ایشنز کے تعاون اور مکمل حمایت کو سراہا۔

(جاری ہے)

علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت امن و امان کی کسی بھی صورتحال یا سڑکوں کی بندش کی صورت میں ایندھن کی فراہمی بلاتعطل رکھنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل اور سپلائی کے لئے پیشگی انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ایڈیشنل سیکرٹری ریلوے نے یقین دلایا کہ پاکستان ریلوے سڑکوں کی بندش کی صورت میں ڈیزل کی ترسیل کے لئے زیادہ سے زیادہ ٹرین بوگیوں کی دستیابی یقینی بنائے گاخصوصاً خیبرپختونخوا میں سپلائی کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔

پی ایس او نے اجلاس کو بتایا کہ ممکنہ تعطل کے پیش نظر اہم ڈپوؤں پر اضافی پٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ پہلے ہی کرلیا گیاہے۔اوگرا نے اجلاس کو بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل دستیابی کے لئے اوگرا کا خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے اٹک ریفائنری کو بھی ہدایت کی کہ خام تیل کی مسلسل فراہمی اور تیار مصنوعات کی ترسیل یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم فیول ریلیف سکیم کے تحت 10 ہزار پٹرول پمپس میں سے 8500 سے زائد کو ادائیگیاں کردی گئی ہیں، پٹرول پمپس کو ادائیگیوں کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ وفاقی وزیر نے اکاؤنٹ نمبرز اور عمولی مسائل سمیت تمام رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی تاکہ باقی پٹرول پمپس کو ادائیگیاں بلا تاخیر کی جا سکیں اور عوام کو سکیم کے تحت ریلیف کا سلسلہ جاری رہے۔

علی پرویز ملک نے اوگرا کو ہدایت کی کہ سکیم کے تحت اہل صارفین کو فراہم کئے جانے والے فیول ریلیف سے انکار کرنے والے کسی بھی پٹرول پمپ کے خلاف کارروائی کی جائے۔ پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے کہا کہ سکیم کامیابی سے جاری ہے اور حکومت کو ایسوسی ایشن کی جانب سے مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلرز اس اقدام پر عملدرآمد میں حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے ہمایوں خان اور نعمان بٹ نے پٹرول پمپ مالکان کو اعتماد میں لینے پر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ایسوسی ایشن سکیم کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ چیئرمین او سی اے سی نوید تنویر عباسی نے کہا کہ سکیم کامیابی سے جاری ہے اور اسے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اچھا اقدام قرار دیا۔ وفاقی وزیر نے اس امر کا اعادہ کیا کہ وزیراعظم فیول ریلیف سکیم پر مؤثر عملدرآمد اور ایندھن کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی رابطہ کاری ضروری ہے ، پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی اور وزیراعظم فیول ریلیف سکیم پر موثر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیح ہے۔\932
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات