یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے آپریشنز بحال اور رضاکارانہ علیحدگی کی سکیم قبول کرنے والے ملازمین کے تمام واجبات یکمشت ادا کئے جائیں، پیپلز لیبر بیورو پاکستان کے انچارج چوہدری منظور احمد کا مطالبہ

جمعرات 24 ستمبر 2026 17:44

یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے آپریشنز بحال اور رضاکارانہ علیحدگی کی سکیم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور پیپلز لیبر بیورو پاکستان کے انچارج چوہدری منظور احمد نے مطالبہ کیا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے آپریشنز بحال اور رضاکارانہ علیحدگی کی سکیم قبول کرنے والے ملازمین کے تمام واجبات یکمشت ادا کئے جائیں۔ اس امر کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں آل پاکستان ورکرز الائنس، یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید عارف حسین شاہ کی قیادت میں آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات میں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے آپریشنز کی بندش، ملازمین کی جبری برطرفی، واجبات کی عدم ادائیگی اور ادارے کی بحالی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وفد نے چوہدری منظور احمد کو بتایا کہ یوٹیلٹی سٹورز ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کرنے کے بعد ادائیگیوں میں مسلسل تاخیر کے باعث ہزاروں ملازمین شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔

چوہدری منظور احمد نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں غریب عوام کو مہنگائی کے خلاف ریلیف فراہم کرنے کے مقصد سے قائم کیا گیا یہ ادارہ تقریباً نصف صدی سے ملک کے غریب اور متوسط طبقے کو سستے داموں اشیائے ضروریہ فراہم کرتا آرہا تھا۔ چوہدری منظور احمد نے وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی یوٹیلٹی سٹورز کے متاثرہ ملازمین کے مطالبات اور غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے والے اس اہم ادارے کے مستقبل کے حوالے سے آواز اٹھاتی رہے گی۔