چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی بیلاروس پہنچ گئے، منسک میں فتح یادگار پر حاضری ، پھول چڑھائے

جمعرات 24 ستمبر 2026 23:11

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی بیلاروس پہنچ گئے، منسک میں فتح یادگار ..
منسک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2026ء) چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد سرکاری دورے پر بیلاروس پہنچ گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے منسک میں فتح یادگار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور امن و آزادی کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا۔

یہ تقریب پاکستانی پارلیمانی وفد کے سرکاری دورے کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز تھی، جس کی گہری تاریخی اور علامتی اہمیت ہے۔ تقریب دونوں ممالک کی جانب سے تاریخی ورثے اور یادداشت کے تحفظ، گزشتہ نسلوں کی قربانیوں کے احترام اور امن، خودمختاری اور انسانی وقار کی مشترکہ اقدار سے وابستگی کی عکاس تھی۔پٴْروقار تقریب میں بیلاروس کی کونسل آف ری پبلک کی بین الاقوامی امور اور قومی سلامتی سے متعلق قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سرگئی الینک، منسک سٹی ایگزیکٹو کمیٹی اور منسک سٹی کونسل آف ڈپٹیز کے نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد بیلاروس کے دو روزہ سرکاری دورے پر منسک پہنچا۔ منسک نیشنل ایئرپورٹ پر وفد کا استقبال کونسل آف ری پبلک کے ڈپٹی چیئرمین ایگور بریلیوچ اور بین الاقوامی امور و قومی سلامتی سے متعلق قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سرگئی الینک نے کیا۔یہ دورہ بیلاروس کی کونسل آف ری پبلک کی چیئرپرسن نتالیہ کوچانووا کی دعوت پر کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد پاکستان اور بیلاروس کے درمیان پارلیمانی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینا اور انہیں نئی رفتار فراہم کرنا ہے۔

پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے تاریخی یادداشت کے تحفظ اور امن و آزادی کے دفاع کرنے والوں کی قربانیوں کے احترام کو اجاگر کیا گیا۔ تاریخی ورثے اور یادداشت کا محتاط تحفظ اور مشترکہ اقدار سے وابستگی بیلاروس اور پاکستان کے درمیان بامعنی مکالمے، باہمی احترام اور طویل المدتی شراکت داری کے لیے مضبوط اخلاقی بنیاد فراہم کرتی ہے۔

چیئرمین سینیٹ کا یہ سرکاری دورہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان بڑھتے ہوئے پارلیمانی روابط کا عکاس ہے اور سیاسی، اقتصادی، انسانی، تکنیکی اور ادارہ جاتی شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام کے لیے عملی اقدامات کی نشاندہی کی توقع ہے۔