منشاء اللہ بٹ کا رحمت اللعالمین کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ اورنوازشریف سوشل سکیورٹی ہسپتال ملتان روڈ کا اچانک دورہ

جمعرات 24 ستمبر 2026 22:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2026ء) صوبائی وزیر لیبر و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے رحمت اللعالمین کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ اور نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال ملتان روڈ کا اچانک دورہ کیا اور محنت کشوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور ہسپتال کے انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات، وارڈز اور فارمیسی کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے معیار کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے علاج معالجے اور دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ مریضوں نے صوبائی وزیر کو ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

محمد منشاء اللہ بٹ نے ہسپتال میں موجود محنت کشوں کے بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے بھی پلائے۔اس موقع پر ایم ایس سوشل سکیورٹی ہسپتال نے صوبائی وزیر لیبر کو ہسپتال کے انتظامی امور، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور دیگر معاملات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے ہدایت کی کہ محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو بہترین علاج معالجے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق محنت کشوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کی استعداد کار بڑھانے اور محنت کشوں کو معیاری علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ محنت کش معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ان کی فلاح و بہبود اور صحت کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔محنت کشوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔