مریدکے، نارووال چوک میں سیوریج لائن کا کام طویل عرصے سے تعطل کا شکار

جمعہ 25 ستمبر 2026 20:45

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2026ء) مریدکے کے مصروف ترین علاقے نارووال چوک میں نئی سیوریج لائن بچھانے کا کام طویل عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال تعطل کا شکار ہے، جس کی وجہ سے مقامی مکین شدید مشکلات اور پریشانی سے دوچار ہیں۔تفصیلات کے مطابق سیوریج لائن کے لیے سڑک پر کھدائی کی گئی اور کچھ پائپ بھی بچھائے گئے تاہم بٹاں والا پمپ اور دارِ ارقم اسکول کے بالمقابل گلی نمبر تین کے سامنے تقریباً 15سے 20فٹ گہرا گڑھا کھود کر چھوڑ دیا گیا ہے۔

ٹھیکیدار اور عملے کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث نہ صرف سیوریج کی پائپ لائن ٹوٹ گئی ہے بلکہ گلی کو جانے والی گیس کی مین لائن بھی کٹ گئی ہے، جس کے نتیجے میں پوری گلی کی گیس پچھلے 8سے 10دن سے مکمل طور پر معطل ہے۔

(جاری ہے)

گھروں میں گیس نہ ہونے کی وجہ سے خواتین اور بچوں کو روزمرہ کے امور میں شدید اذیت کا سامنا ہے۔علاوہ ازیں ٹوٹے ہوئے سیوریج پائپ اور بارش کے پانی کی وجہ سے یہ گہرا گڑھا اب گندے پانی کے جوہڑ میں تبدیل ہو چکا ہے۔

کام بند ہونے کی وجہ پوچھی گئی تو عملے کا کہنا تھا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے این او سی نہ ہونے پر کام رکوایا گیا ہے۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹی ایم اے اور نیشنل ہائی وے کی مبینہ آپسی کشمکش اور سرد جنگ کی چکی میں عام عوام کو پیسا جا رہا ہے۔ یہ کھلا اور گہرا گڑھا کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے، بالخصوص کسی معصوم بچے کے گرنے سے جانی نقصان کا خطرہ بھی موجود ہے۔

اہلِ علاقہ اور سماجی حلقوں نے اعلی حکام، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، گیس پائپ لائن کی بحالی اور گڑھے کو پر کرتے ہوئے سیوریج کے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ کسی بڑے حادثے کے رونما ہونے سے پہلے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔