Live Updates

یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے چین اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے، زیلنسکی کی ٹرمپ سے درخواست

DW ڈی ڈبلیو ہفتہ 26 ستمبر 2026 16:40

یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے چین اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے، زیلنسکی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 26 ستمبر 2026ء) یوکرینی صدر رواں ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر امریکہ میں موجود تھے، جہاں منگل کو ان کی صدر ٹرمپ سے ملاقات بھی ہوئی۔

نیٹو ممالک اس سے قبل چین کو یوکرین پر روسی حملے میں ایک ''اہم معاون‘‘ قرار دے چکے ہیں۔

زیلنسکی کے مطابق امریکہ، روس اور یوکرین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات دوبارہ شروع کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔

واشنگٹن چاہتا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں تینوں ممالک کے نمائندے سربراہان مملکت کی شرکت کے بغیر تکنیکی سطح پر بات چیت کریں۔

امریکی حکام نے ان مذاکرات کے لیے متحدہ عرب امارات کو ممکنہ مقام کے طور پر تجویز کیا ہے۔ یوکرین اب واشنگٹن کی جانب سے مذاکرات کی تاریخ کا منتظر ہے۔

(جاری ہے)

روسی صدر کے ترجمان دمتری پیسکوف نے بھی تصدیق کی ہے کہ رواں ماہ ٹرمپ اور پوٹن کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران ایسی ملاقات کے امکان پر تبادلہ خیال ہوا تھا، تاہم ابھی کوئی تفصیلات طے نہیں ہوئیں۔

دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے جمعے کو سینٹ پیٹرزبرگ میں کہا کہ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی تجاویز اب بھی زیرِ غور ہیں، لیکن روس یوکرین کے حالیہ حملوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے قومی مفادات کے مطابق فیصلہ کرے گا۔

اس سے قبل رواں سال امریکہ، روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کے تین ادوار ہو چکے ہیں، تاہم ان میں کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہوئی تھی۔

روس پر امریکی پابندیوں کے نفاذ کا مطالبہ

زیلنسکی نے اپنے دورۂ امریکہ کے دوران امریکی سینیٹرز اور ایوانِ نمائندگان کے ارکان سے بھی ملاقاتیں کیں۔

انہوں نے روس کے خلاف سخت پابندیوں کا قانون منظور کرنے پر امریکی قانون سازوں کا شکریہ ادا کیا۔ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے اس قانون پر دستخط کیے تھے، تاہم اس کے تحت پابندیوں کا نفاذ ابھی باقی ہے۔

زیلنسکی کے مطابق یہ پابندیاں روسی صدر پوٹن کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے اہم ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹرمپ اس اختیار کو استعمال کریں گے۔

یوکرین میں پیٹریاٹ دفاعی نظام کی تیاری

یوکرینی صدر نے بتایا کہ ٹرمپ نے یوکرین کو امریکی ساختہ پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام تیار کرنے کے لائسنس دینے کے حتمی فیصلے کی تصدیق بھی کی ہے۔

یوکرین کو روسی بیلسٹک میزائل حملوں سے دفاع کے لیے اس نظام کی شدید ضرورت ہے، تاہم فروری کے آخر میں ایران میں جنگ شروع ہونے کے بعد ان کی دستیابی محدود ہو گئی ہے۔

بحیرہ اسود میں جنگ بندی کی کوششیں

زیلنسکی کے مطابق انہوں نے امریکہ میں بھارت، ترکی، مصر اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کے رہنماؤں سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں میں بحیرہ اسود کے راستے غذائی اجناس کی بلاتعطل و محفوظ ترسیل پر بات چیت ہوئی۔ روس اور یوکرین دونوں گندم، جو اور سورج مکھی کے تیل کے بڑے عالمی برآمد کنندگان ہیں، لیکن جنگ کے دوران تجارتی بحری جہازوں پر حملوں نے ان کی برآمدات متاثر کی ہیں۔

یوکرین چاہتا ہے کہ روس بحیرہ اسود میں جنگ بندی پر اتفاق کرے تاکہ غذائی اجناس کی ترسیل مکمل طور پر بحال ہو سکے۔

یوکرین کو مزید مالی امداد کی ضرورت

زیلنسکی نے بتایا کہ انہوں نے عالمی مالیاتی فنڈ اور یورپی کمیشن کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں یوکرین کے بجٹ خسارے کو پورا کرنے پر بات ہوئی۔ ان کے مطابق یورپی یونین اور آئی ایم ایف یوکرین کی مالی معاونت جاری رکھیں گے۔

یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ مالی ضروریات کا بڑا حصہ ہتھیاروں کی خریداری سے متعلق ہے۔

مستقبل میں مشترکہ ڈرون سازی اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے معاہدے بھی مالی معاونت کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔

دریں اثنا، یوکرین پر روس کے تازہ فضائی حملوں میں پانچ افراد ہلاک اور گیارہ زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ روسی حکام نے یوکرینی حملوں میں ایک شخص کی ہلاکت اور 21 کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔

زیلنسکی کے مطابق یوکرین کے آٹھ علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔

دارالحکومت کییف میں ایک دفتری عمارت پر حملے میں چار افراد ہلاک ہوئے، جبکہ ایک رہائشی عمارت پر حملے میں 14 سالہ لڑکا ہلاک اور کم از کم سات افراد زخمی ہوئے۔

روسی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی افواج نے کییف کے قریب میزائل انجنوں کے ایک ذخیرے سمیت متعدد اہداف کو نشانہ بنایا۔

دوسری جانب زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین نے روس کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی مہم کے تحت دو آئل ریفائنریوں پر حملے کیے ہیں۔ روسی میڈیا نے یوکرینی ڈرونز کے ذریعے ایک فوجی الیکٹرانکس فیکٹری اور مصنوعی ربڑ تیار کرنے والے کارخانے کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات بھی دی ہیں، تاہم ان کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات