غیر ملکی خاتون سے اجتماعی زیادتی میںملوث مرکزی ملزم کی شناخت ، گاڑی برآمد

ملزمان کے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈال دئیے گئے ہیں،تین افراد زیر حراست ہیں

اتوار 27 ستمبر 2026 16:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2026ء) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے ڈیفنس میں غیر ملکی خاتون سے گینگ ریپ کی تفتیش میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق خاتون کو جس گاڑی پر اغوا ء کیا گیا وہ گاڑی برآمد کر لی گئی، گاڑی کو مرکزی ملزم کے رشتے دار کے گھر سے برآمد کیا گیا۔پولیس کے مطابق واقعے کے مرکزی ملزم کا رشتے دار بھی فرار ہے، ملزمان کے نام اسٹاپ لسٹ میں بھی ڈال دئیے گئے ہیں۔

پولیس نے بتایا ہے کہ خاتون کا میڈیکل کروا لیا گیا، ابھی بیان دینے کے قابل نہیں، ہوش میں آنے کے بعد متاثرہ خاتون کا بیان لیا جائے گا، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ پولیس نے کیس کی تفتیش کے دوران تین افراد کو کو حراست میں لیا ہے ۔

(جاری ہے)

ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے جس میں مبینہ ملزمان کو ڈیفنس میں ایک مارکیٹ کے باہر کھڑے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ غیر ملکی خاتون کو لے جانے کے لیے سفید رنگ کی گاڑی استعمال کی گئی پولیس کے مطابق واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی مبینہ ملزم تنویر کی ملکیت ہے جسے پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق واقعے میں اب تک 3 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جنہیں بحریہ ٹائون اور ڈیفنس سے حراست میں لیا گیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے تینوں افراد آپس میں رشتے دار ہیں۔