’’پورن بھگت، ورثے سے سیاحت تک‘‘ کے عنوان سے سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت میں خصوصی سیمینار کا انعقاد

بدھ 30 ستمبر 2026 21:27

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2026ء) سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت کی کمیٹی برائے سیاحت، ثقافت و آثار قدیمہ کے زیر اہتمام’’ سیالکوٹ کا باکردار شہزادہ، پورن بھگت، ورثے سے سیاحت تک‘‘ کے عنوان سے خصوصی سیمینار منعقد ہوا، جس میں پورن بھگت کی تاریخی و ثقافتی داستان، اس سے وابستہ مقامات اور سیالکوٹ کے تاریخی ورثے کو سیاحت کے فروغ سے منسلک کرنے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

تقریب کی صدارت صدر سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت سید احتشام مظہر گیلانی نے کی جبکہ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے سیاحت، ثقافت و آثار قدیمہ رانا عارف اقبال ہرنا مہمان خصوصی تھے۔اسلام آباد سے تشریف لانے والے معروف محقق اور پورن بھگت کے موضوع کے ماہر پروفیسر سعید احمد نے خصوصی لیکچر دیا اور پورن بھگت کی داستان کے مختلف تاریخی و روایتی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

لاہور سے معروف مورخ و محقق ظفر ندیم داؤد نے بھی خصوصی شرکت کی اور موضوع کے تاریخی پہلوؤں پر گفتگو کی۔سیمینار کی نظامت عبدالشکور مرزا نے انجام دی جبکہ چیئرمین کمیٹی برائے سیاحت، ثقافت و آثار قدیمہ خالد لطیف نے سیمینار کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو تحقیق، دستاویز بندی اور سیاحت کے ذریعے نئی نسل سے متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تقریب میں صوفی عبدالجلیل المعروف چاچا کرکٹ، معروف ہندو رہنما رتن لال آریہ، سیالکوٹ میں بابے دی بیری کے سیوادار سردار جسکرن سنگھ سدھو، پروفیسر ڈاکٹر جاوید کمار، حکیم رتن کمار، سابق رکن صوبائی اسمبلی و مسیحی رہنما ذوالفقار غوری، ناصر نیر، رفیق رحمت، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ارشد محمود مرزا، رفیع بٹ، اشفاق نذر گھمن، حکیم غازی عارف حسین، رانا ظفر اقبال اور یونس چوہدری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

سیمینار میں پورن بھگت سے منسوب تاریخی راستوں اور مقامات کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی، جن میں قلعہ سیالکوٹ، روڑس اور کرول کو خصوصی طور پر زیر بحث لایا گیا۔ کرول، جہاں پورن بھگت سے منسوب کنویں کا ذکر ملتا ہے، کی نمائندگی سابق صدر سیالکوٹ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری عرفان اللہ وڑائچ نے کی۔مہمان خصوصی رانا عارف اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب سیالکوٹ کے تاریخی ورثے کے تحفظ، ثقافتی مقامات کی بحالی اور سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی تاریخ اور تہذیبی ورثے کو محفوظ بنانے اور اسے ملکی و بین الاقوامی سیاحتی نقشے پر نمایاں کرنے کے لیے دستیاب تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب بھی صوبے میں سیاحت اور ثقافتی ورثے کے فروغ میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہیں۔صدر سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت سید احتشام مظہر گیلانی نے سیالکوٹ کے تاریخی و ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے آئندہ بھی ایوان صنعت و تجارت کی جانب سے بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

سیمینار میں مختلف مکاتب فکر اور مذاہب سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی شرکت نے اس امر کو اجاگر کیا کہ سیالکوٹ کا تاریخی ورثہ کسی ایک طبقے یا برادری تک محدود نہیں بلکہ پورے خطے کی مشترکہ تہذیبی میراث ہے۔ شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پورن بھگت کی داستان سے وابستہ تاریخی مقامات کی تحقیق، دستاویز بندی، تحفظ اور مناسب تعارف نہ صرف سیالکوٹ کی ثقافتی شناخت کو مضبوط بنا سکتا ہے بلکہ شہر کو ایک اہم تاریخی و ثقافتی سیاحتی مرکز بنانے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔