ہمارا گناہ یہ ہے کہ ہم نے 30 میں سے 15 سیٹیں حاصل کی ہیں‘ ہم لاہور کو کراچی نہیں بننے دیں گے‘ خواجہ سعد رفیق

اتوار 26 اپریل 2015 04:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 اپریل۔2015ء) لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کے حلقہ 125 کے علاقہ امرسدھو میں ووٹنگ کے بعد آنے والے نتائج پر دو گروپوں میں ہونیوالے تصادم میں فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے (ن) لیگ کے حامیوں کی ہسپتال میں عیادت کیلئے آئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ این اے 125 امرسدھو میں مسلم لیگ کے پولنگ ورکروں پر پی ٹی آئی کے حامیوں نے وحشیانہ فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ہمارے 9 ورکرز زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے چند برس قبل اس علاقے میں ڈینگی ورکرز پر بھی ٹارچر کیا تھا اور اس وقت ان کے خلاف ڈینگی ورکرز کو ٹارچر کرنے پر مقدمہ درج ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یہ لوگ بنیادی طور پر کریمنلز اور اوباش ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایڈمنسٹریشن فورس کا فرض تھا کہ ان سے وہ نبرد آزما ہوتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ جیتنے بھی کریمنلز ہیں ان کو پی ٹی آئی کی پشت پناہی حاصل ہے۔

اس ایریا کے کریمنلز قبضہ گروپ بھی ہیں اور بدقسمتی سے وہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پولیٹیکل سنٹر میں غنڈے اور بدمعاش دستیاب نہیں اور نہ ہی پی ایم ایل (ن) ایسی سیاست کرتی ہے۔ میں نے ساری زندگی بدمعاشوں اور جرائم پیشہ لوگوں سے ووٹ نہیں لئے اس لئے وہ ہمیشہ میرے خلاف فرنٹ بناتے ہیں۔ مجھے افسوس اس بات کا ہے کہ کم از کم وہ جماعت جو فرشتوں کی جماعت ہونے کا دعویٰ کرتی ہے اس کو اس طرح سے جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی نہیں کرنی چاہئے۔

انہوں نے ہمارے لوگوں کو گولیاں ماریں۔ آپ اندازہ لگائیں کہ کیا ان کا گناہ یہ تھا کہ انہوں نے اپنی پسند کے لوگوں کو ووٹ دیئے۔ ان کی حمایت کی اور ان کو کامیاب کروایا۔ ہمارا گناہ یہ ہے کہ ہم نے 30 میں سے 15 سیٹیں جیت لیں۔ خان صاحب جب کنٹینر پر چڑھ کر کبھی فوج اور کبھی دھاندلی کا الزام لگاتے رہے شاید ہمارا گنایہ یہ ہے کہ ہم ان کی طرح دھونس اور دھاندلی کی سیاست نہیں کرتے۔

ہم لاہور کو کبھی کراچی نہیں بننے دیں گے۔ یہ جو انہوں نے اپنے علاقے کے معصوم لوگوں پر گولیاں چلائیں اور ان کو زخمی کیا ہم ان تمام لوگوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے اور قرار واقعی سزا دلوائیں گے۔ ہماری ان کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہیں۔ میں اپنے کارکنوں کو امن اور صبر سے رہنے کی تلقین کرتا ہوں اور کوئی شخص قانون اپنے ہاتھ میں نہ لے۔