داعش نے موسیقی سننے اور اسپورٹس شرٹس پہننے کو حرام قرار دیدیا

اتوار 26 اپریل 2015 04:22

دمشق (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 اپریل۔2015ء) شام اور عراق میں سرگرم انتہا پسند گروپ دولت اسلامیہ ”داعش“ نے شام کے شہر الرقہ میں مقامی آبادی کے لیے ایک نیا فرمان جاری کیا ہے جس میں موسیقی سننا اور اسپورٹس شرٹس پہننا حرام قرار دیا گیا ہے اور کہا ہے کہ نئے قانون کی مخالفت کرنے والوں کو 80 کوڑے مارے جائیں گے۔ عرب ویب سائٹ کے مطابق داعش کی جانب سے الرقہ شہر کی مقامی آبادی میں پمفلٹس تقسیم کیے ہیں جن میں انہیں متنبہ کیا ہے کہ وہ مختلف ملکوں کے اسپورٹس کلبوں کے ”لوگو“ پر مشتمل ٹی شرٹس استعمال نہ کریں۔

بالخصوص مانچسٹر یونائیٹڈ، بارسلونا، ریال میڈریڈ اور میلان جیسے الفاظ اور لوگو پر مشتمل ٹی شرٹس استعمال نہ کی جائیں۔ بتوں کی پوجا سے بھی سختی سے منع کیا گیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ نئے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بلا تفریق 80 کوڑے مارے جائیں گے۔

(جاری ہے)

داعش کی جانب سے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارہ میڈونا کے گانے سننے کو بھی 'حرام' قرار دیا گیا ہے اور کہا ہے کہ میڈونا کے گانے سننا اسلامی تعلیمات کے خلاف ہیں۔

شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ان ممنوعات سے گریز کریں ورنہ انہیں 80 کوڑوں کی سزا ہو سکتی ہے۔ داعش کی جانب سے بعض انگریزی اور مسیحی مذہب کی اصطلاحات بالخصوص صلیب کے نشان، انجیل، عیسائی راھبوں کی تصاویر یا ان کے ناموں والی ٹی شرٹس پہننے پر بھی پابندی عائد کی ہے۔ علاوہ ازیں غیر اخلاقی عبارات پر مشتمل شرٹس کو استعمال کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے

متعلقہ عنوان :