ملائیشیاء،شدید زلزلے میں 13افراد کی ہلاکت کی تصدیق ،پرائمری سکول کے پانچ طلباء اور ایک استاد بھی شامل

پیر 8 جون 2015 08:44

کنڈاسانگ ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 جون۔2015ء)ملائیشیاء کے پہاڑی کینابالو کے علاقے میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں سنگاپور سے تعلق رکھنے والے پانچ پرائمری سکول کے طالب علم اور ایک استاد سمیت 13افراد کی ہلاکت کی ابھی تک تصدیق ہوچکی ہے،یہ بات ریاستی حکومت نے اتوار کے روز کہی ۔سنگاپور کی وزارت تعلیم نے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں یہ بتاتے ہوئے انتہائی افسوس ہے کہ ملائیشین حکام کی جانب سے برآمد کی جانے والی لاشوں کی شناخت ان کے لواحقین نے پانچ طلباء اور ایک استاد کے طور پر کی ہے،جن کا تعلق تونگ جونگ کیٹونگ پرائمری سکول سے ہے۔

بیان میں یہ تصدیق بھی کی گئی ہے کہ سنگاپور ایڈوانچر گائیڈ جو معروف سیاحتی مقام کے نزدیک واقع سکول سے تعلق رکھتا ہے،بھی جمعہ کے روز آنے والے زلزلے میں ہلاک ہوگیا،جس کی وجہ سے چوٹی پر بڑے پیمانے پر تودے گرنے کے واقعات سامنے آئے تھے۔

(جاری ہے)

اس کا مزید کہنا ہے کہ ایک اورطالب علم اور ایک استاد ابھی تک لاپتہ ہیں،امدادی ٹیمیں اتوار کے روز چھ افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں،جو بقول حکام کے ابھی تک لاپتہ ہیں۔

جمعہ کو آنے والے6.0شدت کا زلزلہ جو کہ بورنو جزیرے پر واقع سبا ریاست میں ایک پہاڑی چوٹی کے نزدیک آیا تھا،ملائیشیاء کے کئی دہائیوں میں شدید ترین زلزلوں میں سے ایک تھا،تاہم 4095 میٹر(13435فٹ) بلند پہاڑی چوٹی کے گردنواح میں کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی ابھی تک اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔ملائیشین حکام نے ابھی تک چوٹی پر ہلاکتوں سے متعلق چند ایک معلومات بتائی ہیں۔