حمزہ شہباز شریف کے گن مین کو ڈاکووں نے مزاحمت پر گردن اور سینے میں 3گولیاں مار دیں ،فائرنگ کی آواز سن کر مقامی گاوں کے لوگوں نے موقع پر پہنچ کر فرار ہونیوالے ڈاکووں کے ایک ساتھی کو پکڑ لیا

پیر 8 جون 2015 08:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 جون۔2015ء) حمزہ شہباز شریف کے گن مین کو ڈیوٹی سے گھر جاتے ہوئے کاہنہ کے علاقہ میں ڈاکووں نے مزاحمت پر گردن اور سینے میں 3گولیاں مار دیں فائرنگ کی آواز سن کر مقامی گاوں کے لوگوں نے موقع پر پہنچ کر فرار ہونے والے ڈاکووں کے ایک ساتھی کو پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنا کر پولیس کے حوالے کر دیابتایا گیا ہےء کہ کاہنہ کے علاقہ بلے والا کا رہائشی ایک بیٹے کا باپ ایلیٹ فورس کانسٹیبل عبدالرزاق اپنے ساتھی عابد کے ہمراہ سول کپڑوں میں اپنے گھر سے ڈیوٹی پر جانے کے لیے نکلا تھا کہ شہزادہ گاوں کے قرین دو ڈاکووں نے انہیں روک کر لوٹنا چاہا اور مزاحمت پر ان پر فائرنگ کر دیا جس کے نتیجے میں عبدالرزاق کو سینے اور گردن میں تین گولیاں جا لگیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا جبکہ عابد معجزانہ طور پر محفوظ رہا فائرنگ کی آوز سن کر مقامی گاوں کے لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اس دوران ڈاکووں نے بھاگنے کی کوشش کی تو لوگوں نے انہیں گھیرے میں لے لیااور ایک ڈاکو کو پکڑ کر کمرے میں بند کر دیا جبکہ دوسرا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیااطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری وقوعہ پر پہنچ گئی اور پکڑے گئے ڈاکو کو حراست میں لینے کی کوشش کی تو پورا گاوں سراپا احتجاج بن گیا جس کے بعد پولیس کے اعلیٰ افسران نے لوگوں سے مذاکرات کر کے ڈاکو کو ان کی حراست سے نکال کر تھانے منتقل کر دیا آخری اطلاع تک کانسٹیبل عبدالرزاق کو مصنوعی تنفس کے ذریعے زندہ رکھنے کی کوشش کی جا رہی تھی ڈاکٹروں کے مطابق 2گولیاں گردن کو پار کر کے نکل گئیں تھیں جبکہ ایک گولی پسلیوں میں لگی ہے جسے نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے زخمی کانسٹیبل کے ساتھی عابد کے مطابق عبدالرزاق آجکل مسلم لیگی رہنما ایم این اے حمزہ شہباز شریف کی سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہے۔