خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران 27 افراد کے قتل کا مقدمہ عمران خان کے خلاف درج کیا جا نا چا ہیے، عابد شیر علی،چیف جسٹس بے گناہ افراد کے قتل کے واقعہ کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنائیں،تقریب حلف وفاداری سے خطاب

پیر 8 جون 2015 08:29

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 جون۔2015ء) وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران جس طرح 27 افراد کو شہید کیا گیا اس کا مقدمہ عمران خان کے خلاف کیا جانا چاہئے ۔ جبکہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا سے فوری طور پر مستعفی ہو نے کے ساتھ ساتھ اپنی صوبائی کابینہ کے اراکین کو بھی برطرف کر دینا چاہئے ۔

عابد شیر علی نے یہ بات فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن رجسٹرڈ فیصل آباد کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف وفاداری کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ عابد شیر علی نے کہا کہ اگر اتنا جانی نقصان پنجاب میں ہوتا تو نہ صرف ملک بھر میں بلکہ دنیا بھر میں طوفان برپا ہو جانا تھا مگر جو نیا پاکستان بنانے کا نعرہ لگا رہے ہیں ان کا حشر خیبرپختونخوا میں دیکھا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ان کے صوبائی وزیر گنڈا پور نے جس غنڈہ گردی اور بربریت کا مظاہرہ کیا اور بیلٹ بکس پولنگ سٹیشن سے اٹھائے گئے اس کی مثال پاکستان میں نہیں ملتی مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ صوبائی وزیر کے خلاف مقدمہ درج ہوا اور اسے چند گھنٹے کے بعد رہا کر دیا گیا ۔ وزیر مملکت پانی و بجلی نے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان اور چیف جسٹس پاکستان ناصر الملک سے مطالبہ کیا کہ خیبرپختونخوا میں 27 بے گناہ افراد کے قتل کے واقعہ کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنائیں اور اس قتل کی وارداتوں میں ملوث اور کنٹینر پر کھڑے ہو کر نیا پاکستان کا درس دینے والے کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ کس قدر افسوس کا مقام ہے کہ کے پی کے میں خواتین کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھیوں کو قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفے دینے کے باوجود اسمبلی اجلاس میں شرکت باعث شرم کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن آئندہ 2018 انتخابات بھاری اکثریت سے جیتے گی اور وزیر اعظم نواز شریف نے ملک کی ترقی کے لئے جو منصوبہ جات شروع کر رکھے ہیں اس سے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا ۔

عابد شیر علی نے مزید کہا کہ وہ وزیر اعظم کی ہدایت پر چار روزہ دورے پر سندھ روانہ ہو رہے ہیں تاکہ توانائی بحران کے لئے کراچی اور اندرون سندھ کے عوام سے ان کے مسائل معلوم کر کے انہیں حل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ تقریب سے فوٹو جرنلسٹس کے صدر حاجی محمد ابراہیم ( آ ن لائن ) اور جنرل سیکرٹری رانا محمد رانا امجد اور دیگر عہدیداروں نے بھی خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملک بھر کے فوٹو گرافرز اور کیمرہ مین کوریج کرتے ہوئے شہید اور زخمی ہو جاتے ہیں ان کے لئے خصوصی فنڈ قائم کیا جائے جس وزیر ممکت نے انہیں یقین دلایا کہ وہ آئندہ چند یوم میں وزیر اعظم میاں نواز شریف سے مل کر فوٹو گرافروں ، کیمرہ مین ، الیکٹرانک میڈیا کے لئے خصوصی فنڈ قائم کیا جا سکے ۔