اب ہم یونان حکومت کی طرف سے پہل کے منتظر ہیں،یوروزون وزرائے خزانہ

منگل 7 جولائی 2015 09:35

ایتھنز (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7 جولائی۔2015ء)یونان میں بیل آوٴٹ پیکیج پر ریفرینڈم میں قرض دہندگان کی تجاویز مسترد کرنے کے بعد یورو زون کے وزرائے خزانہ کا کہنا ہے کہ ان کو توقع ہے کہ یونان قرضے کی ادائیگی کے حوالے سے نئی تجاویز پیش کرے گا۔یورپی کمیشن کے صدر ڑاں کلود یْنکر نے ریفرینڈم کے نتائج کو ’یونان کے لیے قابلِ مذمت‘ قرار دیا۔

یورو زون کے وزرائے خزانہ نے یونان کے معاملے پر منگل کو ہنگامی اجلاس بلایا ہے۔اس سے قبل یونان کے وزیرِ خزانہ یانس واروفاکس نے یہ کہتے ہوئے اپنا عہدہ چھوڑ دیا کہ عالمی مذاکرات کار یونان کی جانب سے انھیں مذاکراتی ٹیم میں دیکھنے کے خواہاں نہیں۔اسی دوران یورپی سینٹرل بینک یونان کے بینکوں کو ہنگامی رقوم فراہم کرنا یا نہ کرنے کے فیصلے پر غور کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

یونان کے بینکوں کے پاس سرمایہ ختم ہو رہا ہے اور وہ دیوالیہ ہونے کے قریب ہیں۔یورپی کمیشن کے صدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’یونان کی معیشت میں بہتری کے لیے سخت شرائط اور اصلاحات ناگزیر ہیں۔ اب ہم یونانی حکام کی جانب سے پہل کے منتظر ہیں۔‘جرمنی کی چانسلر انجیلا میرکل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فی الوقت کسی نئے بیل آوٴٹ پیکیج پر بات کرنے کا کوئی ’جواز‘ نہیں بنتا اور اس بارے میں فیصلہ یونان کو کرنا ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے ریفرینڈم کے حتمی نتائج کے مطابق ’نہ‘ کو 61.3 فیصد ووٹ ملے ہیں جرمن چانسلر کے ترجمان نے کہا کہ ’یہ اب یونان پر منحصر ہے کہ وہ کیا کرتا ہے۔ ہم انتظار کر رہے ہیں کہ یونانی حکومت اپنی یورپی ساتھیوں کے سامنے کیا تجاویز پیش کرتی ہیں۔ برسلز میں یورپی کمیشن کے نائب صدر نے پریس کانفرنس میں بتایا یورپی کمیشن کے صدر نے کہا ہے کہ یونان کی حکومت کو عوام کو ممکنہ نتائج سے آگاہ کرنے کے لیے ’ذمہ داری اور ایمان داری‘ کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ ریفرینڈم میں ’نہ‘ کے حق میں ووٹ دینے سے یورو زون میں شامل ممالک اور یونان کے درمیان فاصلے بڑھ گئے ہیں۔’بحران سے نکلنے کا کوئی آسان حل نہیں ہے۔ بہت سا وقت اور کئی مواقع پہلے ہی ضائع ہو گئے ہیں۔‘یورپی کمیشن کے نائب صدر نے کہا کہ اس سب کے باوجور یورو زون کے استحکام پر کوئی سوال نہیں اٹھائے جائیں۔’ہمارے پاس سب کچھ ہے اور ہمیں حالات کو بہتر کرنا چاہیے۔

‘یونان کے وزیر اقتصادیات نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یورپی سینٹرل بینک کو آئندہ سات سے دس دنوں تک یونان کے بینکوں کو رقوم فراہم کرنی چاہییں تاکہ اس دوارن بات چیت جاری رہ سکے۔یونان کے وزیر اقتصادیات نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یورپی سینٹرل بینک کو آئندہ سات سے دس دنوں تک یونان کے بینکوں کو رقوم فراہم کرنی چاہیے یونان گذشتہ ہفتے آئی ایم ایف سے لیے گئے قرض کی ایک ارب 60 کروڑ ڈالر کی قسط ادا کرنے میں ناکام رہا تھا جبکہ یورپی سینٹرل بینک کی ہنگامی فنڈنگ بند ہونے کے بعد زیادہ تر یونانی بینک گذشتہ پیر کو بند کر دیے گئے تھے۔اس کے علاوہ کیش مشینوں سے ایک دن میں صرف 60 یورو تک ہی نکالے جا سکتے ہیں، البتہ پینشنر 120 یورو تک نکال سکتے ہیں۔