گوگل کے پروجیکٹ ’آرا‘ میں تاخیر،پروجیکٹ آرا کو اب 2016 میں دوبارہ شروع کیا جائے گا

بدھ 19 اگست 2015 09:22

کیلی فورنیا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 اگست۔2015ء)گوگل نے موڈیولر سمارٹ فون کے آزمائشی منصوبے میں جسے پروجیکٹ آرا کہا جا رہا ہے، تاخیر کا اعلان کیا ہے۔ پروجیکٹ آرا کے پہلے ہارڈویئر کو آزمائشی طور پر اس سال پیورتو ریکو میں لانچ کیا جانا تھا۔ لیکن اب اس میں کم از کم 2016 تک تاخیر کر دی گئی ہے۔پروجیکٹ آرا کی ٹیم نے ٹویٹس کے ذریعے بتایا کہ اب یہ ٹرائل امریکہ میں کسی نئی جگہ پر ہو گا۔

(جاری ہے)

ٹیم نے تاخیر کی وجہ 2013 میں پہلی مرتبہ دکھائے جانے والے ڈیزائن میں کئی چیزوں کا بار بار دہرایا جانا بتایا۔پروجیکٹ آرا کے تحت گوگل کی کوشش ہے کہ ایسا فون بنایا جائے جو ٹکڑوں میں مکمل ہو۔ اس کا مطلب ہے کہ فون میں پیچیدہ تبدیلیاں لائے بغیر اس میں کئی اجزا کو شامل کیا جا سکتا ہے اور نکالا جا سکتا ہے۔اس کا ممکنہ مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ٹوٹی ہوئی سکرینوں اور پرانی بیٹریوں کو کم خرچ پر تبدیل کیا جا سکتا ہے۔گوگل نے پیورتو ریکو ٹرائل کے لیے 20 سے 30 مختلف موڈیول منتخب کیے تھے۔اس ٹیکنالوجی کی مئی میں کی جانے والی پہلی عوامی نمائش کو بہت سراہا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :