پنجاب حکومت اور چینی کمپنی کے درمیان سالٹ رینج میں جدید سیمنٹ پلانٹ لگانے کا معاہدہ، 350ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی، جدید سیمنٹ پلانٹ لگنے سے چینی ٹیکنالوجی ٹرانسفر ہوگی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے:شہبازشریف،سیمنٹ پلانٹ کے منصوبے میں چینی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں، چینی کمپنی کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے:وزیراعلیٰ پنجاب،پنجاب میں سٹیٹ آف دی آرٹ سیمنٹ پلانٹ لگانا چاہتے ہیں جوماحول دوست اور جدید ٹیکنالوجی کا حامل ہوگا،چیئرمین چینی کمپنی،چینی کمپنی کے وفد کی اٹک خود کش دھماکے کی مذمت ، صوبائی وزیر شجاع خانزادہ اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

بدھ 19 اگست 2015 09:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 اگست۔2015ء) پنجاب حکومت اور چین کی سیمنٹ کمپنی یان ژائی باؤ کیاؤجن ہانگ (Yantai Baoqiao Jinhong )کے درمیان سالٹ رینج میں جدید سیمنٹ پلانٹ لگانے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس ضمن میں ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ تقریب میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف تھے- معاہدے کے تحت چین کی کمپنی سالٹ رینج میں سیمنٹ کا جدید ترین پلانٹ لگائے گی- سیمنٹ پلانٹ کی تنصیب میں چینی کمپنی 350ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی-پنجاب حکومت کی طرف سے سیکرٹری معدنیات ڈاکٹر ارشد محمود اور چینی کمپنی کے چیئرمین لی باؤ لیو (Mr. Li Baolu) نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت اور چین کی کمپنی کے مابین جدید سیمنٹ پلانٹ لگانے کا معاہدہ چین کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا باعث بنے گا اور سیمنٹ پلانٹ لگنے سے چینی سرمایہ کاری آئے گی،روز گار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ،پنجاب حکومت صوبے میں سیمنٹ انڈسٹری میں چینی کمپنی کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پنجاب میں غیرملکی سرمایہ کارو ں کو سرمایہ کاری کے حوالے سے ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔پنجاب حکومت چین کی کمپنی کوپنجاب میں سیمنٹ پلانٹ لگانے کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی-چینی کمپنی کا سالٹ رینج میں سیمنٹ کا جدید پلانٹ لگنے سے جدید ٹیکنالوجی بھی ٹرانسفر ہوگی-انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت دیگر شعبوں میں بھی چین کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی خواہاں ہے- انہوں نے کہا کہ چین کی کئی کمپنیاں پہلے ہی پنجاب میں سرمایہ کاری کررہی ہیں، جس سے پاکستان اور چین کے مابین اقتصادی تعاون فروغ پا رہاہے اور دوستی کا رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہاہے- انہوں نے کہاکہ چین تاریخی سرمایہ کاری پیکیج کے تحت پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہاہے-سی پیک کے تحت توانائی ، روڈ انفراسٹرکچر ، انڈسٹری اور دیگر شعبوں میں بڑے منصوبے لگائے جا رہے ہیں- چین کے صدر کے دورہ پاکستان کے بعد پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہواہے-چین پاکستان کا عظیم دوست ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے-پاکستان اورچین کی لازوال دوستی کی دنیا کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی- چینی کمپنی کے چیئرمین نے کہاکہ پنجاب میں سٹیٹ آف دی آرٹ سیمنٹ پلانٹ لگانا چاہتے ہیں اور سیمنٹ کا یہ پلانٹ ماحول دوست اور جدید ٹیکنالوجی کا حامل ہوگا-چینی وفد کے اراکین نے کہاکہ پاکستان ہمارا دوسرا گھرہے اور ہمیں یہاں سرمایہ کاری کر کے بے حد خوشی ہوگی-چینی کمپنی کے وفد نے اٹک خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی وزیر کرنل شجاع خانزادہ اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا - صوبائی وزیر معدنیات چودھری شیر علی،پاکستان چائنہ یان ژائی چیمبر آف کامرس کے صدر چینگ ژیان (Mr.Cheng Xiaoyun )، نائب صدر یانگ ژنگ(Ms.Yang Qing ) ،چینی سیمنٹ کمپنی کے صدر لیون شینگ باؤ(Mr. Luan Shengbo ) اور کمپنی کے دیگر عہدیداران کے علاوہ پریس سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ شعیب بن عزیز اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :