ایران مخالف پابندیوں کا خاتمہ موسم بہار میں متوقع ہے،برطانوی وزیر خارجہ

منگل 25 اگست 2015 09:38

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25اگست۔2015ء)برطانوی وزیر خارجہ فیلپ ہیمنڈ نے اپنے دورہ ایران کے دوران کہا ہے کہ تہران کے خلاف عائد کردہ بین الاقوامی پابندیوں کے خاتمے کا سلسلہ ممکنہ طور پر اگلے سال موسم بہار میں شروع ہو جائے گا۔ہیمنڈ ان دنوں ایران کے دورے پر ہیں، جس کا مقصد تہران میں برطانوی سفارت خانے کے دوبارہ کھولے جانے کی تقریب تھی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے فیلپ ہیمنڈ نے کہا ہے کہ ایران اور عالمی طاقتون کے مابین تہران کے متنازعہ جوہری پروگرام کے حوالے سے جولائی میں جو معاہدہ حتمی طور پر طے پا گیا تھا، اس کی ایران اور امریکا کے قومی پارلیمانی اداروں کی طرف سے لازمی توثیق کا عمل متوقع طور پر اکتوبر میں مکمل ہو جائے گا۔ہیمنڈ نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف پابندیوں کے اٹھائے جانے سے پہلے اس سلسلے میں ہر قسم کی تیاریاں مکمل کی جانی چاہییں تاکہ جیسے ہی یہ پابندیاں ختم ہوں، ایران میں بیرونی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عمل درآمد کا بلاتاخیر آغاز ہو سکے۔ برطانوی وزیر خارجہ نے کہا، ”ممکن ہے کہ ایران کے خلاف پابندیوں کے خاتمے کا عمل اگلے سال موسم بہار میں شروع ہو جائے۔“

متعلقہ عنوان :