شہری کو ڈاکٹری نسخے کے برعکس دوا دینے پر ڈی ایچ اے میں واقع” کلینکس“ کو پانچ لاکھ25ہزار روپے ہرجانے کی ادائیگی کا حکم

منگل 25 اگست 2015 08:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25اگست۔2015ء) صارف عدالت کے جج سید خورشید انور رضوی نے شہری کو ڈاکٹری نسخے کے برعکس دوا دینے پر ڈی ایچ اے میں واقع” کلینکس“ کو پانچ لاکھ25ہزار روپے ہرجانے کی ادائیگی کا حکم دے دیا ہے ۔ فاضل عدالت نے یہ حکم ڈیفنس کے رہائشی میجر(ر) تنویر اختر کی جانب سے دائر ہرجانے کے ایک دعوے کی سماعت مکمل کرکے جاری کیا ہے۔

(جاری ہے)

دعوے میں موقف اختیا رکیا گیا تھا کہ مدعی نے ہسپتال میں زیر علاج اپنے ایک عزیز کے لئے کلینکس سے ادویات خریدیں جنہیں استعمال کرتے ہی مریض کی حالت خراب ہو گئی ۔ بعد ازاں ان ادویات کو چیک کیا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ ڈاکٹر کے لکھے گئے نسخے کے مطابق نہیں تھیں ۔ دعوے میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت اس غیر ذمہ دارا روئیے پر کلینکس کی انتظامیہ کو حکم دے دے کہ وہ مدعی کو پچاس لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرے ۔ عدالت نے گزشتہ روزدعوے کی سماعت مکمل کرکے کلینکس (ڈی ایچ اے) کے مینجر کو حکم دیاکہ وہ مدعی کو فوری طو رپر پانچ لاکھ پچیس ہزار روپے ادا کرے ۔