”پنجاب رواں سال پولیو فری ہے “میاں چنوں میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ،چار سالہ محمد حسین ریڑھ کی ہڈی کی تکلیف میں مبتلا ہے جس کا سیمپل اکتوبر 2014 میں” این آئی ایچ “ بھیجا گیا تھا،عالمی ادارہ صحت کی ریجنل لیبارٹری سے محمد حسین میں پولیو کی تصدیق نہیں ہوئی - ترجمان محکمہ صحت پنجاب

منگل 25 اگست 2015 09:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25اگست۔2015ء) محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ رواں سال پنجاب میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا اور صوبہ پنجاب 2015 میں ابھی تک پولیو فری ہے - ترجمان نے مزید کہا کہ میاں چنوں سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا اور اس حوالے سے میڈیا رپورٹس بے بنیاد ہیں - ترجمان نے مزید کہا کہ میاں چنوں میں اکتوبر 2014 میں ایک بچے محمد حسین میں فالج (AFP) رپورٹ ہوا تھا جس کے سیمپل نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد کی لیبارٹری کو بھجوائے گئے تھے مذکورہ لیبارٹری عالمی ادارہ صحت کی ریجنل لیبارٹری ہے جو پاکستان سمیت خطہ کے ممالک سے آنے والے نمونہ جات کا تجزیہ کرتی ہے لیکن WHO کی ریجنل لیبارٹری سے بھی بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی - مزید برآں مذکورہ بچے کا نشتر ہسپتال ملتان میں ڈاکٹرز نے اکتوبر 2014 میں CT سکین کیا تھا جس کی رپورٹ کے مطابق بچے کی ریڑھ کی ہڈی اور حرام مغز میں نقص ہونے کی وجہ سے بچے کی ٹانگ فالج سے متاثر ہوئی ہے - ترجمان نے واضح کیا کہ عالمی ادارہ صحت کے ماہرین بھی 4 سالہ محمد حسین کی رپورٹوں کا جائزہ لے چکے ہیں اور طبی ماہرین اور این آئی ایچ کی رپورٹ کے مطابق بچہ پولیو وائرس سے متاثر نہیں - صوبہ پنجاب میں 2014 کے دوران پولیو کے صرف 4 کیس رپورٹ ہوئے تھے جبکہ 2015 میں پنجاب ابھی تک پولیو فری ہے-

متعلقہ عنوان :