عام انتخابات 2013ء میں والہانہ محبت کے اظہارمیں اپنے جڑواں بچوں کے نام نواز شریف اور شہباز شریف رکھنے والے ن لیگی کارکن نے3 ماہ میں بجلی کا وعدہ پورا نہ کرنے پر احتجاجاً اپنے دونوں بچوں کے نام بدل کرعمران خان اور محمد طاہر القادری رکھ دیئے

پیر 5 اکتوبر 2015 08:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5اکتوبر۔2015ء)مسلم لیگ (ن) کا متوالہ کارکن سراج الحق نے عام انتخابات 2013ء میں والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے جوڑواں بچوں کے نام میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف رکھے تھے۔ 3 ماہ میں بجلی کا وعدہ پورا نہ کرنے پر احتجاجاً اپنے دونوں بچوں کے نام بدل کر محمد عمران خان اور محمد طاہر القادری رکھ دیئے۔

ناموں کی تبدیلی کے حوالے سے بچوں کو برتھ سرٹیفکیٹ سمیت لاہور میں تحریک انصاف کے جلسے میں پہنچ گیا۔ والد کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے وعدہ کیا کہ بجلی پوری نہ کی تو نام بدل دینا۔ انہوں نے تو نہیں بدلا لیکن میں نے بچوں کا نام بدل دیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز لاہور کے علاقے سمن آباد میں تحریک انصاف نے ایک بڑا جلسہ کیا جس میں مسلم لیگ ن کے ایک ناراض کارکن سراج الحق بھی انوکھے انداز میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

سراج الحق مسلم لیگ نواز کا ایک پرانا کارکن تھا اور عام انتخابات 2013ء کے دنوں میں اس کے ہاں 2 جوڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی اور اپنے سیاسی قائدین سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے اس نے دونوں بچوں کا نام میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد سہباز شریف رکھ دیا جبکہ مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کے بجلی کی لوڈشیڈنگ 3 ماہ میں ختم کرنے کا وعدہ پورا نہ کرنے پر لیگی کارکن اپنے سیاسی قائدین سے ناراض ہو گیا اور گزشتہ روز تحریک انصاف کے جلسے میں بچوں کے ہمراہ برتھ سرٹیفکیٹ سمیت پہنچ گیا اور کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے قوم سے کیا گیا وعدہ پورا نہیں کیا اور وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا تھا کہ 3 ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم نہ کروں تو میرا نام تبدیل کر دینا۔

انہوں نے ملک سے لوڈشیڈنگ ختم نہ کی اور نہ ہی اپنا نام بدلا احتجاجاً میں نے اپنے بچوں کے نام میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف سے بدل کر محمد عمران خان اور محمد طاہر القادری رکھ دیئے ہیں۔ بچوں کے والد سراج الحق کا کہنا تھا کہ اس نے گزشتہ سال تحریک انصاف کے دھرنے میں بھی شرکت کی اور 72 روز اسلام آباد میں رہا۔