پیرس حملوں کا مفرور منصوبہ ساز ہنگری آیاتھا،جونس لزار

ہفتہ 5 دسمبر 2015 09:33

بڈاپسٹ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5دسمبر۔2015ء)فرانس کے دارالحکومت پیرس میں گذشتہ ماہ حملے کرنے والوں کے ایک رنگ لیڈر صلاح عبدالسلام نے ہنگری کا سفر کیا تھا اور وہاں غیر رجسٹر تارکین وطن کی ایک ٹیم بھرتی کی تھی۔اس بات کا انکشاف ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربن کے چیف آف اسٹاف جونس لزار نے بڈاپسٹ میں ایک نیوز کانفرنس میں کیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ''میں اس بات کی تصدیق کرسکتا ہوں کہ پیرس میں دہشت گردی کے حملوں کا ایک منتظم بڈاپسٹ میں آیا تھا''۔

لزار نے اس شخص کا نام لیا ہے اور نہ یہ بتایا ہے کہ وہ کب ہنگری میں آیا تھا اور آیا اس نے جن لوگوں کو بھرتی کیا تھا وہ فرانسیسی دارالحکومت میں دہشت گردی کے حملوں میں ملوث تھے یا نہیں۔پیرس میں جمعہ 13 نومبر کی شب دہشت گردی کے پے درپے حملوں میں ایک سو تیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔