افغان سیکیورٹی فورسز کا داعش کے 12 ارکان سمیت 58 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

جمعرات 5 جنوری 2017 11:23

کابل( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5جنوری۔2017ء ) افغانستان کی سیکیورٹی فورسز نے ملک کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران داعش کے 12 ارکان سمیت 58 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، لوگر میں کارروائی کے دوران 7 عسکریت پسندوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں، قندہار میں طالبان نے 10مزدوروں کو اغواء کرلیا، ہرات میں ہزاروں افراد نے داعش کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں کارروائیوں میں 58 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جن میں داعش کے 12 کارکن بھی شامل ہیں، کارروائیاں ننگر ہار، کپیسا، پکتیا، پکتیکا، لوگر، غزنی، بدخشاں اور ہلمند کے صوبوں میں کی گئیں۔وزارت دفاع کے مطابق فاریاب کے علاقہ چرخ میں ایک کارروائی میں 12 طالبان ہلاک ہوگئے، اسی طرح ننگر ہار میں داعش کے 10 جنگجو مارے گئے، ہرات کے علاقہ شین ڈنڈ میں ایک کارروائی میں داعش کے 2 جنگجو مارے گئے۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق لوگر میں خصوصی کارروائی میں 7 عسکریت پسندوں کی ہلاکت کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ قندھار میں طالبان نے 10 مزدوروں کو اغواء کرلیا، کارروائی تختہ پل میں کی گئی، اغواء ہونیوالے مزدوروں کی بازیابی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔دریں اثناء افغانستان کے مغربی صوبہ ہرات میں ہزاروں افراد نے شدت پسند تنظیم داعش کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، مظاہرین نے داعش کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور افغانستان کی حکومت سے داعش کیخلاف بھرپور اقدامات کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :