وزیر اعظم کی زیر صدارت سی پیک سے متعلق اجلاس ،جاری منصوبوں پر اطمینان کا اظہار

سرمایہ کاروں کی دلچسپی ہماری کامیاب اقتصادی پالیسی کی عکاس ہے،نواز شریف

جمعرات 5 جنوری 2017 11:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5جنوری۔2017ء)وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقتصادی راہداری منصوبوں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس میں صوبوں کی نمائندگی کو خوش آئند قرار دیا ہے کہ سی پیک میں صوبوں کا مساوی حصہ اہمیت کا حامل ہے جبکہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی ہماری کامیاب اقتصادی پالیسی کی عکاس ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ان کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں سی پیک کے حوالے سے مشترکہ تعاون کمیٹی کے چھٹے اجلاس میں کیا۔

اجلاس میں وزیراعظم محمد نواز شریف کو سی پیک کے منصوبوں پر جاری پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ 300میگاواٹ کے منصوبے کے معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں اور اس پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نواز شریف نے سی پیک پر ہونیو الی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈیڈھ ارب ڈالر کی ٹرانسمیشن لائن کے منصوبے پر اور اس کے شرکاء کو مبارکباد دی جس کے تحت لاہور اور مٹیاری کے درمیان ہائی ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائے گی۔

انہوں نے چاروں صوبوں کے لئے ماس ٹرانزٹ منصوبوں کو سی پیک میں شامل کرنے پر بھی شرکاء کو مبارکباد دی اور کہا کہ وزارت ریلوے منصوبوں کے لئے صوبوں کو تکنیکی مشاورت فراہم کرے گی۔ انہوں نے صنعتی پارکس کو بجلی، گیس اور مواصلات کی سہولتیں فراہم کرنے کی بھی تاکید کی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ سی پیک میں صوبوں کی نمائندگی خوش آئند اور اس میں صوبوں کا مساوی حصہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ مساوات کے بغیر کوئی ترقی بھی دیر پا ثابت نہیں ہو سکتی اس لئے اس عظیم منصوبے میں ہم تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہ یں تاکہ پاکستان کے کونے کونے میں ترقی کے سفر کے تحت خوشحالی ، امن اور ترقی کے تناور درخت سے عوام مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ ترقی ہماری اقتصادی پالیسی اور وژن کا نتیجہ ہے، پاکستان میں بیرون ملک سے سرمایہ کاروں کی دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔