اپنی کمزوریوں کی وجہ سے عہدہ چھوڑا ہے پارٹی نہیں چھوڑی، ندیم افضل چن

عہدے سے استعفیٰ دینے کی کئی وجوہات ہیں،ہم جب دوسروں کو اخلاقیات کا درس دیتے ہیں یہ درس اپنے اوپر بھی لاگو ہونا چاہیے، سیاست اب ٹی 20کرکٹ کی طرف جا رہی ہے،انٹرویو

اتوار 22 اکتوبر 2017 23:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر اکتوبر ء) پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ میں نے اپنی کمزوریوں کی وجہ سے عہدہ چھوڑا ہے پارٹی نہیں چھوڑی، عہدے سے استعفیٰ دینے کی کئی وجوہات ہیں۔ اتوار کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم جب دوسروں کو اخلاقیات کا درس دیتے ہیں یہ درس اپنے اوپر بھی لاگو ہونا چاہیے۔

ہم پنجاب میں پارٹی معاملات پر ڈلیور نہیں کر پا رہے تھے۔ لاہور کے حلقہ این اے 120کا رزلٹ بھی ایک وجہ ہے۔ بہت سارے لوگ پارٹی چھوڑ کر جا رہے ہیں ، میں اس کو اپنی ناکامی سمجھتا ہوں۔ ندیم افضل حسیچن نے کہا کہ جب پارٹی کا رکن ہم سے مطمئن نہ ہو تو ہمیں ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوجانا چاہیئے۔ عہدوں سے چمٹے رہنا اخلاقی طور پر درست نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم بلاول بھٹو کو اس طرح سیاست میں سرگرم نہیں کر سکے جس طرح ہمیں کرنا چاہیئے تھا۔

میں یہ سمجھتا ہوں کہ یہ ہماری ناکامی ہے۔ کوشش کے باوجود میں اپنے بھائی کو تحریک انصاف میں جانے سے روک نہ سکا۔ یہ میری ناکامی ہے۔ جب میں اپنے بھائی کو نہ روک سکا تو دوسروں کو کیا روکوں گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اب سرمایہ داروں کی ہو گئی ہے۔ اس کو دوبارہ عوامی بنانا ہو گا بھٹو کے نظریے میں کارکن پارٹی کا سرمایہ ہے۔ سیاست اب ٹی 20کرکٹ کی طرف جا رہی ہے۔ 20ایم این اے ایک طرف جا رہے ہیں 20ایم این اے دوسری طرف جا رہے ہیں۔۔