ختم نبوتﷺ قانون میں مبینہ ترمیم کے معاملے پر راجہ ظفر الحق کی تحقیقاتی رپورٹ 2ہفتے بعد جاری کرنے کا اعلان

منگل 16 جنوری 2018 20:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 16 جنوری 2018ء) ختم نبوتﷺ قانون میں مبینہ ترمیم کے معاملے پر راجہ ظفر الحق کی تحقیقاتی رپورٹ 2ہفتے بعد جاری کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بالآخر ختم نبوتﷺ قانون میں مبینہ ترمیم کے معاملے پر راجہ ظفر الحق کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ راجہ ظفر الحق کی تحقیقاتی رپورٹ 2ہفتے بعد جاری کر دی جائے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں ن لیگ کے وزراء کی جانب سے ختم نبوتﷺ قانون میں مبینہ ترمیم کرنے کے معاملے پر ملک بھر میں حالات شدید کشیدہ ہوگئے تھے۔ اس سلسلے میں تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ نے فیض آباد پر کئی روز تک دھرنا دیے رکھا تھا جس کا اختتام پرتشدد انداز میں ہوا تھا۔

جبکہ ن لیگ کے اس وقت کے وزیر قانون زاہد حامد کو اپنے عہدے سے استعفیٰ بھی دینا پڑا تھا۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اس معاملے پر راجا ظفر الحق کی جانب سے مرتب کی جانے والی تحقیقاتی رپورٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا جسے اب منظور کر لیا گیا ہے۔