دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائیاں جاری ہیں، آرمی چیف

دہشتگردی کیخلاف کارروائیاں کیں، پاکستان اور سری لنکا دہشت گردی کے خلاف جنگ کا مشترکہ تجربہ رکھتے ہیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سری لنکا کی عسکری قیادت سے ملاقات میں گفتگو

منگل 16 جنوری 2018 17:55

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 16 جنوری 2018ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ 2روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے، آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں کیں، دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائیاں جاری ہیں، پاکستان اور سری لنکا دہشت گردی کے خلاف جنگ کا مشترکہ تجربہ رکھتے ہیں۔

منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دو روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے، ان کو دورے کی دعوت سری لنکن ہم منصب نے دی ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کو سری لنکا پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، انہوں نے سری لنکن کمانڈاینڈ سٹاف کالج کا دورہ کیا اور سری لنکا کی عسکری قیادت سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دفاعی تعلقات کے استحکام کیلئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سری لنکن حکام نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پاکستانی معاونت پر اظہار تشکر کیا، سری لنکن عسکری قیادت نے انسداد دہشت گردی کے خلاف پاک آرمی کی کامیابیوں کی ستائش کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کیں، دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے آپریشن رد الفساد کے تحت کارروائیاں جاری ہیں، پاکستان اور سری لنکا دہشت گردی کے خلاف جنگ کا مشترکہ تجربہ رکھتے ہیں۔