ن لیگ کی اعلی قیادت کے اجلاس میں چوہدری نثار کے حوالے سے حتمی فیصلہ لینے پر اتفاق طے پاگیا

منگل 16 جنوری 2018 20:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 16 جنوری 2018ء) ن لیگ کی اعلی قیادت کے اجلاس میں چوہدری نثار کے حوالے سے حتمی فیصلہ لینے پر اتفاق طے پاگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق معروف اور سینئر صحافی صابر شاکر کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے دعوی کیا گیا ہے کہ ن لیگ کی اعلی قیادت چوہدری نثار سے جان چھڑوانے کیلئے تیار ہوگئی ہے۔

صابر شاکر نے دعوی کیا ہے کہ نواز شریف، پرویز رشید اور مریم نواز کی چوہدری نثار کے حوالے سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں چوہدری نثار کیخلاف کوئی حتمی فیصلہ کر لینے پر اتفاق طے پایا ہے۔ اس حوالے سے آئندہ چند روز میں صورتحال مزید واضح  ہوجائے گی۔ جبکہ دوسری جانب چوہدری نثار بھی پارٹی قیادت کے کسی انتہائی اقدام سے قبل ہی خود ہی ن لیگ کو خیر آباد کہہ جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاناما کیس کے فیصلے کے بعد چوہدری نثار اور ن لیگ کی اعلی قیادت کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر چکے ہیں۔ چوہدری نثار متعدد مرتبہ عوام سطح پر نواز شریف، مریم نواز اور پرویز رشید کو تنقید  کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ جبکہ پرویز رشید نے بھی جوابی وار کرتے ہوئے چوہدری نثار کو چیلنج دیا ہے کہ وہ پارٹی کو خیر آباد کہہ دیں۔