مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے نہ صرف لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا بلکہ عوام کے مسائل حل کرنے پر اپنی توجہ مرکوز رکھی‘وفاقی وزیر برائے پاورڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری کا عوامی اجتماعات سے خطاب

جمعہ 19 جنوری 2018 22:03

ملتان۔19جنوری(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 19 جنوری 2018ء) وفاقی وزیر برائے پاورڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے 5سالہ دور اقتدار میں عوامی مسائل میں اضافہ کیا اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18سی20گھنٹے تک پہنچایا‘ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے نہ صرف لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا بلکہ عوام کے مسائل حل کرنے پر اپنی توجہ مرکوز رکھی ۔

جہانگیرترین کو سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا اس کے باوجود عمران خان اُسے اپنے ساتھ بٹھا تاہے جبکہ خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو حدیبیہ پیپر ملز کیس میں سپریم کورٹ نے کلین چٹ دی ‘ طاہر القادری عوام کو مشتعل کرنے کے لئے پروپیگنڈا کررہاہے لیکن پاکستان کی عوام ان لوگوں کی سیاست کو اچھی طرح جان چکی ہے اب ان کے جال میں نہیں پھنسے گی ۔

(جاری ہے)

وہ حلقہ این 173کی مختلف یونین کونسلوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں لوٹ مار کی سیاست کی گئی ۔ملک کیلئے وہ سیاسی جماعت اچھی ہے جو عوام کو ترقی کی جانب سے لیکر جائے ۔ ہم سردار فاروق احمد خان لغاری کی سوچ اور نظریے کی روشنی میں آگے بڑھ رہے ہیں ۔ میری دن رات کی محنت کا فائدہ میری ذات کے لئے نہیں بلکہ ملک کی عوام کے لئے ہے ۔

موجودہ حکومت نے ملک میں بجلی کا نظام درست کیا ، نئے منصوبوں سے بجلی کی پیداوار شروع کی ۔ پاورسیکٹر پر کھربوں روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ۔ آئندہ انتخابات میں ہم کامیاب ہونے کے بعد تعلیمی اداروں اور مراکز صحت کا معیار بلند کریں گے ۔ محمد شہبازشریف نے جنوبی پنجاب کے دیہاتوں کی جانب ترقیاتی منصوبوں کا رُخ موڑ دیاہے جس کے بعد جگہ جگہ ترقیاتی منصوبے جاری ہیں ۔

وزارت پاورڈویژن سب سے بڑی وزارت ہے ہمارا اڑھائی کروڑعوام سے براہ راست رابطہ ہے ۔ہم نے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کام کرکے اپنی دنیا اور آخرت سنوارنی ہے ۔ آئندہ عام انتخابات میں عوام فیصلہ کرے گی کہ ووٹ کس سیاسی جماعت کو دیناچاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار کھوسہ اور اس کے بیٹوں نے بے انتہا اختیارات کے باوجود عوام کو ذلیل وخوار کیا۔

دھونس اور دھاندلی کی سیاست کی جس کی وجہ سے عوام اُن سے متنفر ہوگئے ہیں ۔ مسلم لیگ(ن) نے چار سال میں جتنے کام کئے ہیں وہ عوام کے سامنے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق پائیگاں تک گیس پہنچادی ہے اب دو ہفتوں میں کوٹ چھٹہ تک گیس فراہم کرنے کے منصوبے کا افتتاح کریں گے اور یہ پائپ لائن جامپور تک لے کر جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کی فلاح وبہبود کا بیڑہ اٹھایاہے ۔

این ای173کے اکثر دیہاتوں کو لاہور اور گوجرانوالہ کے دیہاتوں کے برابر سہولتیں فراہم کردی ہیں ۔ بجلی فراہمی کے منصوبوں ، نئی سڑکوں کی تعمیر ، سپر بندوں کی تعمیر، ایل ٹی، ایچ ٹی سکیموں سے عوا م کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کررہے ہیں ۔فورٹ منرو کو پاکستان ایئرفورس کے تعاون سے تعلیم کا مرکز بنارہے ہیں ۔ شمسی توانائی سے بلاتعطل بجلی کی فراہمی، ریسٹورنٹس کاقیام،پارکوں کی تعمیر اور دیگر سہولیات فراہم کرکے جنوبی پنجاب کے سیاحتی مقام فورٹ منرو کو ’’مری‘‘بنائیں گے ۔

یونین کونسل چیئرمین کوٹ جانوں سردار قمر خان احمدانی نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سردار اویس احمد خان لغاری کے وزارت میں آنے کے بعد نہ صرف لوڈشیڈنگ کے دورانئے میں کمی ہوگئی ہے بلکہ صارفین کے موبائل فونز پر ریڈنگ ، بلنگ اور دیگر معلومات بھی موصول ہورہی ہیں ۔ ہماری یوسی میں لوٹینشن سکیموں کے لئے سروے مکمل کئے گئے ہیں جن پر جلد کام شروع ہوجائیگا ۔

درجنوں ٹرانسفارمرز اپ گریڈ کئے گئے ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو بڑے بڑے بحرانوں سے نکال کر عوام کے دل جیت لئے ہیں ۔ میں حکومت سے مطالبہ کرتاہوں کہ آئندہ انتخابات میں کامیاب ہونے کے بعد سردار اویس احمد خان لغاری کو پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے ) دی جائے تاکہ اُس کی حالت بھی بہترہوسکے ۔یونین کونسل چیئرمین مانہ احمدانی مولوی غلام فرید چنڑ نے کہا کہ یوسی کی عوام سردار اویس احمد خان لغاری کی مشکور ہے جنہوں نے اپنے اختیارات استعمال کرکے علاقے کی حالت بہتربنائی ۔

چار سال میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں اتنے گزشتہ 20سالوں میں بھی نہیں ہوئے ۔ سیاسی رہنما رفیق حیدری نے کہا کہ لغاری خاندان باوفا اور باوقار خاندان ہے جس نے سیاسی ٹولے نہیں بنائے اور دوستوں کو مفادات کے لئے استعمال نہیں کیا اور نہ ہی کسی سے انتقام لیا۔ دریا سے پہاڑ تک فاروق احمد خان لغاری نے بجلی پہنچائی ۔ سردار اویس احمد خان لغاری نے پہلے آئی ٹی کی منسٹری لیکر گھر گھر ٹیلی فون پہنچایا اب پاورسیکٹر میں آکر جدید ٹیکنالوجی متعارف کروائی جارہی ہے ۔

قبل ازیںوفاقی وزیر پاورڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے این اے 173کے مختلف علاقوں میں وفات پانے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے لئے اُن کے گھر گئے انہوں نے رحیم بخش جاڑا ، محمد سونہارا بھٹی، فدا حسین رڑونجھا ، گل محمد کتریہ، لطیف ملانہ ، پٹواری محمد ظفر کی ہمشیرہ ، مولوی غلام عباس ملکانی کے عزیز محمد علی کی وفات پر ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی ۔

متعلقہ عنوان :