عدلیہ ریاست کا اہم ستون ہے‘پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت اس کا احترام کرتی ہے

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مشاہداللہ خان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اتوار 11 فروری 2018 23:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 11 فروری 2018ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ عدلیہ ریاست کا اہم ستون ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت اس کا احترام کرتی ہے۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کبھی عدلیہ پر تنقید نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر ایک بھی پیسے کی کرپشن کا کوئی کیس ثابت نہیں ہوا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ محمد نواز شریف آج بھی ملک کے سب سے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں اور بڑے بڑے عوامی جلسوں سے ان کا خطاب اس بات کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے اور ہماری جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی قیادت میں پوری طرح متحد ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات بروقت اور آئین کے مطابق ہوں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار پر تنقید ناحق ہے کیونکہ انہوں نے بطور وزیر خزانہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے نہایت اہم کردار ادا کیا ہے۔ مشاہداللہ خان کا کہنا تھا کہ میاں رضا ربانی ایک جمہوری اور سینئر سیاستدان ہیں جن کا بطور چیئرمین سینیٹ کردار قابل قدر اور لائق تحسین ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے محمد شہباز شریف کو اگلے وزیراعظم کے لیے نامزد کیا ہے اور 2013ء کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جیت میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے انتہائی اہم کردار ادا کیا تھا۔ مشاہد حسین سید کو پاکستان مسلم لیگ (ن) میں خوش آمدید کہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاشبہ مشاہد حسین سید ایک اچھے سیاستدان ہیں۔