سیدعمران احمدشاہ کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کاچھٹااجلاس،پی آئی اے کی نجکاری کے بارے میں فنانشل ایڈوائزری کنسورشئیم کی سفارشات اوروزارت کی طرف سے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا

بدھ 21 مارچ 2018 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 21 مارچ 2018ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کاچھٹااجلاس بدھ کو چیئرمین کمیٹی سیدعمران احمدشاہ کی زیرصدارت منعقدہوا۔ اجلاس میں 28 فروری کوکمیٹی کے پانچویں اجلاس کے منٹس کی منظوری دی گئی۔ وزیر نجکاری نی28 فروری کو منعقدہ کمیٹی کے پانچویں اجلاس میں پیش کردہ سفارشات اورتجاویز پرعمل درآمد اورپیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔

انہوں نے کمیٹی کوپی آئی اے کی نجکاری کے ضمن میں فنانشل ایڈوائزری کنسورشئیم کی سفارشات اوروزارت کی طرف سے اٹھائے جانیوالے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔انہوں نے کمیٹی کے اراکین کوپی آئی اے کے لین دین، فارمیشنل ری سٹرکچرنگ ،ڈائیوسمنٹ حکمت عملی، عمل درآمد(فیز ون)، پی آئی اے کے بنیادی آپریشنز میں نجی شعبے کوسہولت کاری کے ضمن میں اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کمیٹی کوپی آئی اے (کنورژن) ایکٹ مجریہ 2016کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔انہوں نے پی آئی اے کے احیاء نوکیلئے منصوبہ کے خدوخال جس میں پی آئی اے میں سرمایہ کاری، ہوٹل، رئیل اسٹیٹ وغیرہ شامل ہیں، پر تفصیلی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں ایوی ایشن، انجینئرنگ، لینڈنگ اینڈ ہینڈلنگ، ٹی ای ایس ، ہیلتھ کئیر اورفلائیٹ کچن کے شعبوں کی تخصیص کی گئی ہے۔

انہوں نے تخصیصی عمل میں پی آئی اے کے بنیادی وغیربنیادی ذمہ داریوں اورضمن میں مختلف آپشنز کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔وزیرنجکاری نے پی آئی اے کنورژن ایکٹ کے دفعہ 4کے تحت اثاثوں اورذمہ داریوں اورپی آئی اے کے لین دن اور مشیر کی توسیع کے ضمن میں کوششوں کے بارے میں بھی کمیٹی کوآگاہ کیا۔ انہوں نے کمیٹی کو پی آئی اے سی ایل کیلئے انتظامات/احکامات سکیم ، ائیرلائنز بزنس کیلئے اثاثوں کے جائزہ، نجی شعبے سے اظہاردلچسپی کیلئے اشتہار اوردیگر متعلقہ امور کے بارے میں بھی نجکاری بارے کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کے بارے میں تفصیلی طورپرآگاہ کیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ یوٹیلیٹی سٹورزکارپوریشن کی نجکاری فہرست کے دوسرے مرحلے میں ہیں اورفی الوقت کارپوریشن کی نجکاری عملی منصوبہ میں شامل نہیں اسلئے یوٹیلٹی سٹورزکارپوریشن کی نجکاری کے بارے میں بریفنگ ممکن نہیں۔ اجلاس کے شرکاء نے وزارت کی مجموعی کارگردگی اوربریفنگ پر اطمینان کااظہارکیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان پوسٹ کی نجکاری بارے بریفنگ آئندہ اجلاس میں دی جائیگی۔