پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈرز کے خواہشمند امیدواروں نے کروڑوں روپے پارٹی فنڈز میں جمع کرا دیئے

اتوار 13 مئی 2018 18:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 13 مئی 2018ء) عام انتخابات کے لئے پی ٹی آئی ٹکٹ کے خواہشمند افراد نے 20 کروڑ روپے پارٹی فنڈز میں جمع کروا دیئے ۔ درخواستیں جمع کرانے کی آج آخری دن ہے ۔ معلومات کے مطابق ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنے کے لئے تین ہزار سے زائد امیدواروں نے آن لائن درخواستین جمع کروائی ہیں جس کے پیش نظر ٹکٹ کے حصول کے لئے زرضمانت کے طور پر 20 کروڑ روپے کے قریب پارٹی فنڈ میں رقم جمع کروائی جا چکی ہے ۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ میں اس لئے توسیع کی گئی ہے کہ اتوار کو ہفتہ وار چھٹی کے پیش نظرآخری تاریخ سوموار 14 کی مقرر کی گئی ہے ۔ معلومات کے مطابق اب تک آن لائن درخواستیں موصول ہونے والوں میں 2230 سے زائد صوبائی اسمبلیوں جبکہ 770 سے زائد قومی اسمبلی کے ٹکٹ کے لئے درخواستیں جمع کروائی جا چکی ہیں اور محتاط اندازے کے مطابق ایک ہزار کے قریب اور درخواستیں جمع کروائی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ہارس ٹریڈنگ میں ملوث جن ارکان کو پارٹی سے نکالا جا چکا ہے ان میں سے پانچ افراد نے ایک حلف نامہ میں بے گناہی ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پارٹی ٹکٹ کے لئے پھر سے درخواستین دے دی ہیں ۔